چلاس میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ، 5 اہلکار شہید

چلاس میں سی ٹی ڈی کی کاروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ، 5 اہلکار شہید
پشاور : چلاس کے علاقے رونئی میں چھاپے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک سب انسپکٹر سمیت سی ٹی ڈی گلگت کے پانچ جوان شہید اور پانچ زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق  اسلحہ کی غیر قانونی تجارت  میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررزازم ڈیپارٹمنٹ )  گلگت نے رات گئے چلاس میں ایک مکان پر چھاپہ مارا جہاں ملزمان کا پولیس ٹیم کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کا ایک سب انسپکٹر اور چار جوان شہید جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔ فائرنگ سے دو افراد بھی مارے گئے۔ ایک سب انسپکٹرسہراب   اور چار سپاہیوں پر مشتمل شہید اہلکاروں میں جنید ، شکیل ، اشتیاق اور غلام مرتضی شامل ہیں۔ امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو چلاس کے آر ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان  نے اہلکاروں کی  شہادت  پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے  ان کے جذبے کو سلام پیش کیا ۔ میر افضل خان نے آئی جی سے چلاس واقعے کی رپورٹ بھی  طلب کرلی۔