ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے سکیورٹی گارڈ اپنی ہی گولی سے جاں بحق

ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے سکیورٹی گارڈ اپنی ہی گولی سے جاں بحق
کراچی : سمارٹ فون ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے ایک اور جان لے لی ، ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے سکیورٹی گارڈ اپنی ہی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا ۔
جی این این کے مطابق گلشن معمار کی فلور ملز میں تعینات بیس سالہ سیکیورٹی گارڈ انور علی ویڈیو بنانے کے دوران ریپیٹر کا فائر چل جانے سے جاں بحق ہوگیا ۔ پولیس کا کہنا ہے نوجوان سیکیورٹی گارڈ ٹک ٹاک پر ویڈیو بنا رہا تھا کہ گولی چل گئی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔
جاں بحق ہونے والے نوجوان کا دوست اس کی وڈیو بھی بناتا رہا اور اسے منع بھی کرتا رہا ، جبکہ ویڈیو بنانے والا سکیورٹی گارڈ بھی اس ہی کمپنی کا ہے ، پولیس نے ویڈیو بنانے والے سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا جس نے بیان دیا ہے کہ جس اسلحہ سے فائر کیا گیا وہ چلتا نہیں تھا لیکن ویڈیو بناتے ہوئے اسلحہ اچانک چل گیا ۔
 پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق سکیورٹی گارڈ کا آبائی تعلق سانگھڑ سے تھا جو پندرہ روز قبل کمپنی میں بھرتی ہوا تھا ۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ۔