کورونا وائرس : ایمی ایوارڈز کی تقریب آن لائن منعقد کی جائےگی

کورونا وائرس : ایمی ایوارڈز کی تقریب آن لائن منعقد کی جائے گی
لاس اینجلس : نامزدگی کے اعلان کے بعد ایمی ایوارڈز انتظامیہ نےتمام نامزد افراد کو آگاہ کیا ہے کہ 20 ستمبر میں ہونے والی تقریب کورونا وائرس کی وجہ سے آن لائن منعقدکی جائے گی ۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ جہاں دنیا کی معیشت متاثر ہوئی وہیں اس وبا نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو بھی بے حد متاثرکیا ہے،  رواں سال کورونا کی وبا کے باعث جہاں فلمی دنیا کے متعبر ترین ’آسکر‘ ایوارڈز سمیت ’کانز‘ فلم فیسٹیول اور دیگر بڑی فلمی تقریبات کو منسوخ یا ملتوی کردیا گیا تھا۔وہیں امریکا کی ٹیلی وژن اکیڈمی اور ٹی وی چینل اے بی سی کی جانب سے منعقدہ کردہ معروف ٹی وی ایوارڈز فیسٹیول ’ایمی‘ کی تقریب معمول کے مطابق رواں سال ستمبر میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم حال ہی میں 20 ستمبر کو منعقد ہونیوالے  ایمی ایوارڈز انتظامیہ نے بھی وبا کے پھیلاؤ ، لاک ڈاؤن  کے پیش نظر تقریب کو آن لائن منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے ۔ایمی‘ ایوارڈز کو امریکی ٹیلی وژن کی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ کا اعزاز حاصل ہے اور یہ ایوارڈز صرف ٹی وی پر چلنے والے پروگراموں اور ڈراموں کو دیے جاتے ہیں۔
کورونا وائرس بحران کے آغاز کے بعد یہ ایوارڈ شو ہالی ووڈ کی پہلی بڑی تقریب ہوگی۔ معروف  ٹاک شو میزبان جمی کمیل اے بی سی پر نشر ہونے والے  اس شاندار تقریب کی میزبانی کرنے والے ہیں۔ ایوارڈ منتظمین نے ایک خط کے ذریعے منتخب کردہ  نامزد امیدواروں کو اس فیصلے کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ  موجودہ  حالات کے تناظر میں وہ تقریب کو آن لائن کرنے کا سخت فیصلہ  لینے  پر مجبور ہوئے ہیں۔انہوں نے لکھا  کہ ہم ایک ایسا  ایونٹ  پیش کریں گے جو گرمجوشی اور انسانیت سے بھر پور ہو  گا جس سے  ٹیلی ویژن  پر جشن کا سماں ہوگا اورہم سب کو  اکٹھا کریں اور یہ  ہماری دنیا کی ایک بار پھر سے تشکیل میں  مددگار ہوگی ۔
اس خط میں کہا گیا ہے کہ منتظمین نامزد امیدواروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے ، انھیں گھر اور دیگر مقامات پر فلمبند کریں گے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ وہ سب اس بڑے  ایونٹ کیلئے ساتھ موجود ہوں ۔ ایمی ایوارڈز 2020 کے لئے نامزدگیوں کا اعلان منگل کے روز سابق  'سیٹرڈے نائٹ  لائیو اسٹار  لیسلی جونس نے کیا  تھا جس میں  لیورین کاکس ، جوش گیڈ اور تتیانہ مسلانے  بھی شامل ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ ایمی‘ ایوارڈز کا آغاز 1949 میں کیا گیا تھا اور رواں برس اس کی 72 ویں سالانہ تقریب منعقد کی جائے گی۔