سابق ”مس پاکستان ورلڈ“ زینب نویدکار حادثے میں جاں بحق

سابق ”مس پاکستان ورلڈ“ زینب نویدکار حادثے میں جاں بحق
نیویارک: سابق ”مس پاکستان ورلڈ“ زینب نوید نیویارک میں ہونے والے کار حادثے میں جاں بحق ہو گئیں، زینب نوید نے 2012 میں کینیڈا میں مس پاکستان ورلڈ کا مقابلہ جیتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق 2012 میں کینیڈا میں منعقد ہونے والے مس پاکستان ورلڈ کا مقابلہ جیتنے والی زینب نوید نیویارک میں رہائش پذیر تھیں۔ اتوار کے روز 32 سالہ زینب کی گاڑی سڑک پر لگی کنکریٹ کی رکاوٹ سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی اور سامنے سے آتی ٹریفک میں جا گھسی۔ زینب نوید گاڑی سے نکلنے میں کامیاب ہو گئیں تاہم موقع پر ہی وفات پا گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مس پاکستان ورلڈ گاڑی میں اکیلی موجود تھیں اور بظاہر حادثے کی وجہ الکوحل وغیرہ کا استعمال نہیں ہے۔زینب نوید نے 24 اگست 2012 میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں منعقد ہونے والا مس پاکستان ورلڈ کا مقابلہ جیتا تھا۔اس مقابلے میں فتح کے بعد مس پاکستان ورلڈ کی انتظامیہ نے ان کا نام مس ارتھ 2012 کے مقابلے کے لیے بھی بھیجا تھا۔زینب نوید نے سوگواران میں شوہر علی حیدر شاہ اور والدین تابندہ نوید اور چوہدری قدرت کو چھوڑا ہے۔