تاجر کے اغواء برائے تاوان اور قتل کا معاملہ،عزیر بلوچ کا صحت جرم سے انکار

تاجر کے اغواء برائے تاوان اور قتل کا معاملہ،عزیر بلوچ کا صحت جرم  سے انکار
کراچی:تاجر کے اغواء برائے تاوان اور قتل کے معاملے پر مجرم عزیر بلوچ نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کے مقدمہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں تاجر کے اغواء برائے تاوان اور قتل کے کیس کی سماعت ہوئی۔اس موقع پر عزیر بلوچ کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، عزیر بلوچ کو سخت سیکیورٹی میں چہرہ ڈھانپ کر اور ہاتھوں میں ہتھکڑی لگاکر پیش کیا گیا۔عدالت نے عذیر بلوچ پر فرد جرم عائد کردی،جبکہ مجرم عزیر بلوچ نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
 
کمرہ عدالت پیشی کے دوران فاضل جج نے مجرم کو فرد جرم پڑھ کرسنایا،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ پر عبدالصمد کے اغواء برائے تاوان اور قتل کا الزام ہے،10 لاکھ روپے تاوان طلب کیا اور 70ہزار روپے لینے کے باوجود مغوی کو قتل کیا،کیا آپ اپنا جرم قبول کرتے ہیں؟کٹہرے میں موجود عزیر بلوچ نے نفی میں سر ہلاکر صحت جرم سے انکار کردیا، عدالت نے مجرم کے انکار پر آئی او اور گواہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہوں کو پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
 

خیال رہے کہ مقدمے میں عزیر بلوچ کا بھائی زبیر بلوچ ودیگر گرفتار ہیں،دیگر ملزموں پر پہلے ہی فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔