آئی ایس پی آر نے5 اگست کی مناسبت سے نیا نغمہ جاری کردیا

 آئی ایس پی آر نے5 اگست کی مناسبت سے نیا نغمہ جاری کردیا
راولپنڈی : پاک فوج کی جانب سے 5 اگست کی مناسبت سے کشمیریوں سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے نیا نغمہ 'جا چھوڑ دے میری وادی ' جاری کیا گیا ہے، جس میں پہلی بار ایک کشمیری کو بھی دکھایا گیا ہے۔
پاک فوج کا شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کشمیریوں کی آواز بن گیا، مقبوضہ کشمیرکے بہادرعوام کی آزادی کیلئے انتھک جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے معروف گلوکار شفقت امانت علی کی آوازمیں آئی ایس پی آر نےنیا نغمہ جاری کردیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے (یوم استحصال)  5 اگست کی مناسبت سے ٹوئٹ میں یہ نغمہ جاری کیا گیا۔ جس کی خاص بات یہ ہے کہ پہلی مرتبہ اس میں ایک کشمیری بھی نغمے کا مرکزی کردار ہے ۔اس  نغمے  کا عنوان ہے ”جا چھوڑ دے میری وادی“۔
 
اس نغمے کا آغاز ایک گھڑی کی آواز سے ہوتا ہے جو ان پچھلے365 دنوں کی یاد دلاتا ہے جب سے کشمیری محاصرے میں ہیں۔ ایک سال سے کشمیریوں کو بدترین ریاستی دہشت گردی اور لاک ڈاؤن کا سامنا ہے۔  اس گانے میں بھی کشمیریوں کے اسی عزم کو دہرایا گیا ہے کہ بھارت بینائی چھین سکتا ہے مگر خواب نہیں، اور نہ ہی جذبہ آزادی کو مات دے سکتا ہے۔ کشمیری بھارتی ظلم وستم سے  تنگ آچکے ہیں  اور دُنیا کی توجہ کے اوراقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں جس میں اُن  کے حقِ خود ارادیت کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ کشمیریوں کی آزادی کی یہ چیخ بھی دُنیا کے ایوانوں میں پہنچے گی اور ایک دن کشمیری اپنی آزادی کا حق لے کر رہیں گے۔
واضح رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 منسوخ اور ریاست کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے اسے دو ٹکروں میں تقسیم کرکے غاصبانہ قبضہ کرلیا تھا۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے بھارت کے اس غیرقانونی اقدام کا ایک سال مکمل ہونے پر پانچ اگست کو یوم استحصال کے طورپرمنانے کا اعلان کیا ہے ۔