تمام کشمیریوں کوباورکراناچاہتاہوں کہ آپ تنہا نہیں ہیں : وزیرخارجہ

تمام کشمیریوں کوباورکراناچاہتاہوں کہ آپ تنہا نہیں ہیں : وزیرخارجہ
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج ایک بار پھرتمام کشمیریوں کو باور کرانا چاہتا ہوں کہ آپ تنہا نہیں ہیں، ہر پاکستانی آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، ہمیں آپ کی تکالیف کا احساس ہے۔
یوم استحصال کے حوالے سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آج میں ایک دفعہ پھر آزاد کشمیر اورمقبوضہ کشمیرسے تعلق رکھنے والے تمام کشمیریوں کو باورکروانا چاہتا ہوں کہ آپ تنہا نہیں ہیں۔ہر پاکستانی آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ہمیں آپ کی تکالیف کا احساس ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے دنیا بے خبر نہیں ہے۔4ماہ کے لاک ڈاؤن سےدنیا کی چیخیں نکل گئیں ،   مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری کرفیو کو آج ایک سال ہو چکا ہے ، نہتے کشمیری فوجی محاصرے میں دوہرا لاک ڈاؤن جھیلنے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا کے سامنے ہندوستان کا اصلی چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔وزیر اعظم عمران خان بطور سفیر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں آج کشمیریوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک ان کی قیادت پابند سلاسل ہے میں ان کی وکالت کروں گا۔ میں کشمیریوں کی آواز کو ہر ملک کے دارالخلافہ تک لے کر جاؤں گا ۔ بطور وزیر خارجہ آپ کی ترجمانی کرنا میرے فرائض میں شامل ہے اور انشاء اللہ فتح آپ کی ہو گی ۔
واضح رہے کہ پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں پھیلے پاکستانی آج کشمیری عوام سے اظہارِ یک جہتی کے لیے یومِ استحصالِ کشمیر منا رہے ہیں۔ گزشتہ سال آج ہی کے دن بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے اور جموں و لداخ کو کشمیرسے الگ کرنے کی غیر قانونی کوشش کی تھی۔یومِ استحصال پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان آج مظفر آباد کا دورہ بھی  کریں گے۔