منشیات سمگلنگ کیس : رانا ثناءاللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

منشیات سمگلنگ کیس : رانا ثناءاللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع
لاہور: ضلعی عدالت نے منشیات سمگلنگ کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں رانا ثناءاللہ کے خلاف منشیات سمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے لیگی رہنما کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا۔ کیس کی سماعت کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جس کے تحت ضلع کچہری آنے اور جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند کیے گئے۔عدالت میں رانا ثنائاللہ کے 4 ساتھیوں کو بھی پیش کیا گیا جس میں ایک ان کا ڈرائیور اور 3 سیکورٹی گارڈز شامل تھے۔سماعت کے دوران رانا ثناءاللہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ 
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کو دل کی تکلیف ہے، ہماری فائل، ادویات اور موبائل ان کے پاس ہیں، آخر ایسی کونسی چیز ہے جو فائل پیش نہیں کی جارہی۔سماعت کے دوران رانا ثناءاللہ نے جج سے مکالمہ کیا کہ ابھی تک میرا موقف سرکاری طور پر نہیں لکھا گیا، کل ایک ٹیم نے تفتیش کی لیکن تمام تفصیلات مجھے ابھی تک نہیں دی گئیں، مجھے ابھی ریکارڈ نہیں ملا۔ عدالت نے موقف سننے کے بعد کہا کہ جب تک اے این ایف حکام ریکارڈ پیش نہیں کرتے اس وقت تک کیس ملتوی رہے گی۔ بعد ازاں عدالت نے رانا ثناءاللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔