پاکستان کو امریکہ اور مغربی دنیا کی کالونی بنا دیا گیا:مولانا فضل الرحمن

پاکستان کو امریکہ اور مغربی دنیا کی کالونی بنا دیا گیاہے :مولانا فضل الرحمن
اسلام آباد:سربراہ جےیوآئی(ف) مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہےکہ پاکستان کوامریکہ اور مغربی دنیا کی کالونی بنا دیا گیا ہے،آزادی مارچ سیرت کانفرنس میں تبدیل ہوا ہے،دعا ہےاللہ تعالی کانفرنس کو قبول فرمائے۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ جے یو آئی  (ف) مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج آزادی مارچ سیرت کانفرنس میں تبدیل ہوا ہے ،دعا کرتا ہوں اللہ تعالی کانفرنس کو قبول فرمائے۔اس سے بڑی سیرت کانفرنس ہم نے آج تک نہیں دیکھی ،اس کانفرنس سے دنیا کو ایک پیغام جا رہا ہے ،یہ عوام ناموس رسولﷺ پر قربان ہونے کے لیے تیار ہے ،دنیا دیکھ رہی ہے کہ ہمیں حضور پاک ﷺ سے کس قدر محبت ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مغرب کا گروی بنا کر رکھ دیا گیا،کسی کو ناموس رسالت سے کھیلنے کی ہمت نہیں ہو گی،ہر سال یوم آزادی مناتے ہیں لیکن ملک کو کالونی بنا دیا گیاہے ،لاکھوں مسلمانوں نے پاکستان کے لیے قربانیاں دی تھیں،پاکستان کو امریکہ اور مغربی دنیا کی کالونی بنا دیا گیا ،قدم قدم پر امریکہ اور مغربی دنیا کی غلامی کی جا رہی ہوتی ہے ،پاکستان کو کالونی بنا دیا گیا ،نام ہم آزادی کا لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال نومبر میں کراچی میں ملین مارچ کیا تھا ۔