وزیراعظم آج کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کریں گے

وزیراعظم آج کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کریں گے
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں میں چیک تقسیم کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نےنوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے منصوبے کا عملی طور پرآغاز کردیا ہے اور اس حوالے سے  وزیراعظم عمران خان آج کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کریں گے۔ کامیاب جوان پروگرام کے پہلے مرحلے میں100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، پروگرام کے تحت ایک سے50 لاکھ تک کے چیک نوجوانوں کو دئیے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم تقریب سے خصوصی خطاب بھی کریں گے، جبکہ تقریب میں معاون خصوصی عثمان ڈار، وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر اور مشیرخزانہ عبد الحفیظ شیخ بھی شریک ہوں گے۔ پروگرام کے تحت فاٹا اور  قبائلی اضلاع سمیت ملک بھر سے نوجوانوں کو رقوم کی ادائیگی ہوگی، مرکزی تقریب کے بعد صوبوں میں رقم کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام منصوبہ خواب سے حقیقت بن رہا ہے، وزیراعظم آج نوجوانوں سے کیا ہوا اپناوعدہ پورا کرنے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت لاکھوں نوجوانوں نے اس پروگرام میں  شرکت کے لیے خواہش کا اظہار کیا ۔