چودھری شوگرملزکیس:یوسف عباس کےجوڈیشل ریمانڈ میں14روزکی توسیع

چودھری شوگرملزکیس:یوسف عباس کےجوڈیشل ریمانڈ میں14روزکی توسیع
لاہور: احتساب عدالت لاہور نےمسلم لیگ ن کی رہنمامریم نواز کے کزن یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہورمیں چوہدی شوگر ملز منی لانڈرنگ  کیس کی سماعت ہوئی،احتساب عدالت کے جج جسٹس امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی ۔ مریم نواز کے کزن یوسف عباس کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر جیل حکام نےعدالت کےروبرو پیش کیا۔ مریم نواز کے پلیڈرسلمان سرور ایڈووکیٹ کی حاضری بھی مکمل ہوئی ۔ سماعت کے دوران یوسف عباس نے عدالت سے استدعا کی کہ  میڈیکل چیک اپ کروانے کی اجازت دی جائے  جس پر جج امیر محمد خان نے کہا کہ میں نے پہلے ہی حکم دے رکھا ہے مگر آپکو جیل منتقل نہیں کیا جا سکتا لیکن جیل سے علاج کی اجازت ہے۔ عدالت نےنیب تفتیشی افسرکوریفرنس جلد دائر کرنے کا حکم دیا ۔اس کیس میں عدالت نےمریم نوازاورسابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو ریفرنس آنے تک حاضری سے استثنی ٰ دے رکھا ہے۔عدالت نے یوسف عباس  کو 20 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔
یاد رہے کہ 8 اگست کو نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز، ان کے کزن یوسف عباس کو گرفتار کیا تھا ۔نیب نے اکتوبر 2018 میں تفتیش سے پتا چلایا کہ چوہدری شوگر ملز میں نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف اور ان کے بھائی عباس شریف کے اہل خانہ کے علاوہ کچھ غیر ملکی بھی شراکت دار ہیں۔چوہدری شوگر ملز میں سال 2001 سے 2017 کے درمیان غیر ملکیوں کے نام پر اربوں روپے کی بھاری سرمایہ کاری کی گئی اور انہیں حصص دیے گئے۔بعد ازاں وہی حصص مریم نواز، حسین نواز اور نواز شریف کو بغیر کسی ادائیگی کے واپس کیے گئے۔اس ضمن میں نیب نے سب سے پہلے مریم نواز کو 31 جولائی کو تفتیش کے لیے طلب کیا تھا اور انہوں نے نیب ٹیم کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔ یوسف عباس اور مریم نواز نے تحقیقات میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکیوں کو پہچاننے اور رقم کے ذرائع بتانے سے قاصر رہے۔جس پر نیب نے مریم نواز کو 8 اگست کو دوبارہ طلب کرتے ہوئے ان سے چوہدری شوگر ملز میں شراکت داری کی تفصیلات اور مالیاتی امور کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔