ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کیلئے قومی ٹیم انگلینڈ روانہ

ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی  سیریز کھیلنے کیلئے قومی ٹیم انگلینڈ روانہ
لاہور : دورہ انگلینڈ کیلئے 20 کھلاڑیوں پر مشتمل قومی کرکٹ ٹیم مانچسٹر روانہ ہو گئی، برطانیہ میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ کل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ کیلئے 20 کھلاڑیوں پرمشتمل قومی اسکواڈ چارٹرڈ طیارے کے ذریعے مانچسٹر روانہ ہو گیا، کھلاڑیوں کی ری ٹیسٹنگ کل ہو گی، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے کھلاڑی دو ٹیسٹ نیگیٹو آنے کے بعد ٹیم کا حصہ بن سکیں گے۔ باؤلنگ کوچ وقار یونس اور فزیوتھراپسٹ کلف ڈیکن آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سے ٹیم کو انگلینڈ میں جوائن کریں گے۔ ظفر گوہر ٹیم کو صرف پری میچ تیاریوں کے لیے انگلینڈ میں دستیاب ہوں گے، چودہ روزہ قرنطینہ کرنے کے بعد پاکستان ٹیم 13 جولائی کو ڈربی شائر روانہ ہوگی۔ڈربی شائر کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستانی ٹیم دو چار روزہ میچز کھیلے گی۔
انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ اور تین ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریزمیں اڑان بھرنے والوں میں اظہر علی، بابراعظم، عابدعلی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، موسیٰ خان، نسیم شاہ، روحیل نذیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ دورے کے دوران پاکستانی ٹیم 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔