قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راونڈ سے کئی مثبت چیزیں سامنے آئیں: گرانٹ بریڈ برن

قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راونڈ سے کئی مثبت چیزیں سامنے آئیں: گرانٹ بریڈ برن
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے‏فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا ہے کہ کپتانوں کو آگے آنا ہو گا ، جیتنے کے لیئے بولڈ فیصلے کرنا ہوں گے، قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راونڈ سے کئی مثبت چیزیں سامنے آئیں۔
اپنے ایک بیان میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے‏فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن کا کہناتھا کہ اس وقت فلیٹ پچز اور کوکا برا بالز کی باتیں ہو رہی ہیں،اس سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے حوصلہ افزائی ہو تی ہے ، قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راونڈ سے کئی مثبت چیزیں سامنے آئیں، امید ہے کہ دوسرے راونڈ میں ٹیموں میں جیت کا عزم دیکھنے میں آئے گا، کپتانوں کو آگے آنا ہو گا ، جیتنے کے لیئے بولڈ فیصلے کرنا ہوں گے ۔
یاد رہے کہ قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈ مکمل ہوگیا جس میں تینوں میچ ہائی سکورنگ تو رہے لیکن فیصلہ کن نہ بن سکے اور قائد اعظم ٹرافی کے پہلے تینوں میچ ڈرا ہو گئے۔تاہم پہلی اننگز کی کارکردگی کی بنیاد پر ملنے والے پوائنٹس کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کی ٹیم پوائنٹس ٹیبلز پر سب سے آگے ہے۔اس کے پوائنٹس کی تعداد 13 ہے،سینٹرل اور جنوبی پنجاب 11، 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسری، سندھ 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، ناردرن 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور بلوچستان 7 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر براجمان ہیں۔