سری لنکن ٹیم کے پاکستان آنے کی راہ میں تمام رکاوٹیں دور

سری لنکن ٹیم کے پاکستان آنے کی راہ میں تمام رکاوٹیں دور
لاہور: سری لنکن کرکٹ ٹیم کو پاکستان آنے کی اجازت مل گئی۔ سری لنکا کی ڈیفنس منسٹری نے ٹیم کو گرین سگنل دے دیا جس کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے ویزوں کے لئے پی سی بی سے رابطہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے ویزے کے لیے سرٹیفیکٹ مانگا جو پی سی بی نے ارسال کر دیا ہے۔ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ تمام انتظامات مکمل کیے جاچکے ہیں۔پاک سری لنکا سیریز کے لیے ٹکٹوں کا اجرا بیس ستمبر سے ہوگا۔آن لائن ٹکٹوں کی فروخت بیس اور کوریئر سینٹرز سے وصولی کا عمل اکیس ستمبر سے شروع ہو گا۔ ، ٹکٹ کی کم سے کم قیمت پانچ سو اور زیادہ سے زیادہ پانچ ہزار تک مقرر کی گئی ہے۔ ایک شناختی کارڈ پرپانچ ٹکٹیں خریدنے کی اجازت ہوگی۔

سری لنکن ٹیم پچیس ستمبر کو کراچی پہنچے گی ، ایک دن کی ٹریننگ کے بعد 27 ستمبر کو نیشنل سٹیڈیم میں پہلا ون ڈے میچ کھیلے گی۔ پانچ اکتوبر سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی۔ جس کے تینوں میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔