کوئٹہ میں 11سال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ کی واپسی

کوئٹہ : بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں 11سال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ کی واپسی ہوگئی ۔میزبان بلوچستان اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں چار روزہ میچ میں بگٹی سٹیڈیم میں آمنے سامنے آئیں گی۔
تفصیلات کے مطابق قائداعظم ٹرافی کا دوسرا راؤنڈ کل سے ملک کے مختلف شہروں میں شروع ہوگا۔ نیشنل ڈیوٹی میں مصروف کپتان حارث سہیل کی عدم موجودگی میں بلوچستان کرکٹ ٹیم کی قیادت عمران فرحت کریں گے۔خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے شائقین کرکٹ کا سٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا۔
سنٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں ان ایکشن ہونگی۔ بابراعظم کی عدم موجودگی میں سنٹرل پنجاب کی قیادت کے فرائض سینئر بلے بازاظہرعلی انجام دیں گے۔۔ناردرن کے کپتان عماد وسیم دستیاب نہیں، ان کی جگہ عمر امین ٹیم کو لیڈ کریں گے۔دوسری جانب خیبرپختونخوا اور سندھ کے درمیان یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جوڑ پڑے گا۔ سرفراز احمد کی عدم موجودگی میں سندھ کی قیادت اسد شفیق جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان کی جگہ صاحبزادہ فرحان خیبرپختوانخوا کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
واضح رہے کہ پہلے راؤنڈ میں کھیلے گئے تینوں میچز بے نتیجہ رہے تھے، جہاں بلے بازوں کا راج رہا تھا،سمیع اسلم اور عابد علی کی ڈبل سنچریاں ملا کرکل گیارہ سنچریاں اسکورہوئیں۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم تیرہ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، سدرن پنجاب اور سینٹرل کے گیارہ گیارہ پوائنٹس ہیں، بہتر رن ریٹ کی بنیاد پرسدرن کی دوسری اور سینٹرل کی تیسری پوزیشن ہے۔ نو پوائنٹس کے ساتھ سندھ کا چوتھا، آٹھ پوائنٹس کے ساتھ ناردرن کا پانچواں نمبر ہے۔ جبکہ سات پوائنٹس کے ساتھ بلوچستان کی ٹیم چھٹے اور آخری نمبر پر ہے۔