کبھی عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ٹیم سے دور رکھنے کی تجویز نہیں دی : وقار یونس

کبھی عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ٹیم سے دور رکھنے کی تجویز نہیں دی : وقار یونس
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ کبھی احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم سے دور رکھنے کی تجویز نہیں دی، پرفارم کرنے والے ہر کھلاڑی کی ٹیم میں سلیکشن اس کا حق ہے۔
ٹریننگ کیمپ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ ان کے یا مصباح الحق کے ہیڈ کوچ ہونے سے فرق نہیں پڑتا، ہمارا مقصد قومی ٹیم کی بہتری ہے،، مصباح الحق کیساتھ مل کر ٹیلنٹ کو نکھارنے کی کوشش کریں گے۔وقار یونس نے کہا کہ چند ایک نوجوان باؤلرز کو گرومنگ کیلئے ٹارگٹ کیا ہے،، بہت جلد قومی ٹیم کیلئے نئے فاسٹ باؤلرز تیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہہیڈ کوچ کے مائنڈ سیٹ کے ساتھ چلنا پڑتا ہے۔ ہیڈ کوچ کے ماتحت ہی سب کام کرتے ہیں۔ مصباح الحق کے ساتھ میری کیمسٹری کافی ملتی ہے۔ کوشش ہو گی موجودہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح کو جتنی ہو سکے سپورٹ دیں۔
سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ ٹریننگ کیمپ کے دوران باؤلرز محنت کر رہے ہیں، ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ میں نئی چیزیں ہوئی ہیں۔ ہم سب کا مقصد پاکستان ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔وقار یونس کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے کافی اچھا کام کیا ہے۔ فاسٹ باولر عثمان شنواری نے ان کے بارے میں جو کچھ کہا وہ ان کی ذاتی رائے ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ٹیم کے لیے لگائے کیمپ کے دوران فٹنس کو بہتر کیا جا رہا ہے، باؤلرز بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں۔
قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد اور مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کے بارے میں کبھی نہیں کہا کہ دونوں کو ٹیم سے دور رکھا جائے۔ ماضی میں کچھ غلط فہمیاں پھیلائی گئی تھیں۔ ان باتوں میں کوئی حقیقت نہیں۔وقار یونس کا کہنا تھا کہ ٹیم میں نئے سرے سے آغاز ہو رہا ہے، نئی ذمہ داریاں ملی ہیں، یہ کسی کی ٹیم نہیں پاکستان کی ٹیم ہے،میری کوشش ہے کہ سب کی مدد کروں، کمنٹری تو ہوتی رہتی ہے پھر کر لیں گے۔