پاک سری لنکا ٹیسٹ میچ کی ٹکٹ کی قیمت 50 روپے مقرر

پاک سری لنکا ٹیسٹ میچ کی ٹکٹ کی قیمت 50 روپے مقرر
لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کردیا گیا، پی سی بی نے سیریز کے لیے ٹکٹوں کی مالیت پچاس روپے مقرر کی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق راولپنڈی اور کراچی میں ٹیسٹ میچز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت 7 دسمبر کو شروع ہوگی۔ پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے راولپنڈی میں ٹی سی ایس کے مراکز سے بھی ٹکٹیں 7 دسمبر سے دستیاب ہوں گی۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے کراچی میں ٹی سی ایس مراکز سے ٹکٹیں 9 دسمبر کو فروخت ہوں گی۔شائقین کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹکٹوں کی مالیت پچاس روپے مقرر کی گئی ہے۔راولپنڈی اسٹیڈیم میں شعیب اختر انکلوڑر کے ٹکٹ پچاس روپے میں دستیاب ہوں گے۔
نیشنل اسٹیدیم کراچی میں جاوید میاں داد، فضل محمود، قائد، وسیم اکرم، عمران خان، اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوڑرز کے ٹکٹوں کی مالیت بھی پچاس روپے مقرر کی گئی ہے۔پی سی بی کے مطابق روزانہ بڑی تعداد میں کالجز اور اسکولز کو ٹکٹس دیئے جائیں گے۔ اس بار ایک شناختی کارڈ پر 10 ٹکٹس خریدے جا سکیں گے۔