سام سنگ کا نئے فونز کیساتھ مفت چارجر کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ

سام سنگ کا نئے فونز کیساتھ مفت چارجر کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ
سیئول: ایپل کے بعد معروف جنوبی کورئین کمپنی سام سنگ نے بھی نئے فونز کے ساتھ مفت چارجر نہ دینے پر غور شروع کر دیا۔
ایک کورین ویب سائٹ ای ٹی نیوز کے مطابق سام سنگ کے آئندہ برس یعنی 2021 میں آنے والے کچھ اسمارٹ فون ماڈلز کے ساتھ چارجر موجود نہیں ہو گا۔فون کے ڈبے سے چارجر کو نکالنے سے کمپنی کو 5 جی ٹیکنالوجی کے بڑھتے اخراجات میں کچھ کمی لانے میں مدد مل سکے گی۔قبل ازیں موبائل کی قیمت کو کم کرنے کے لیے ایپل کمپنی نے آئی فون کے ساتھ چارجر نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا تھا کہ آئی فون کی 12 سیریز میں کسی بھی فون کے ساتھ چارجر نہیں ہوگا۔ ایپل کے بارے میں اطلاعات ہیں وہ 20 واٹ کا تیز چارجر مارکیٹ میں فروخت کرے گا جو صارف کو علیحدہ سے قیمت ادا کر کے خریدنا ہوگا۔

دوسری جانب یہ بات بھی سامنے آئی کہ دونوں کمپنیاں فون کی لاگت اور ای ویسٹ (پلاسٹک کا کچرا) کم کرنے کے لیے یہ اقدامات کررہی ہیں کیونکہ جس تیزی سے ٹیکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے اسی تیزی کے ساتھ الیکٹرانک اشیا کی پلاسٹک بڑھ رہی ہے جس سے ماحولیات اور صحت کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔