ایپل کی جانب سے اکتوبرمیں نئے آئی فونزمتعارف کرائے جانے کاامکان

ایپل  کی جانب سے پہلی بار 4 نئے آئی فونز متعارف کرائے جانے کاامکان
ویب ڈیسک : رواں برس معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے پہلی بار 4 نئے آئی فونز متعارف کرائے جائیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق  ایپل کی جانب سے عام طور پر نئے آئی فونز ستمبر کے وسط میں متعارف کروائے جانے تھے تاہم رواں سال کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے وہ تاخیر کا شکار ہوچکے ہیں ۔ بلومبرگ کے مارک گرمین کے مطابق قوی امکان ہے کہ ایپل اکتوبر میں اپنے آئی فون 12 لائن اپ  نمائش کیلئے پیش کرے۔  ایپل انسائیڈر کی رپورٹ میں ایپل مصنوعات کی تفصیلات  میں بتایا گیا  ہے کہ ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی  کی جانب سے آئی فون 12 میں ناموں کے سسٹم میں تبدیلی کی جاسکتی ہے لیکن آئی فون 12 سیریز میں بھی پرو اور میکس کا سلسلہ جاری رہے گا  ۔
ان آئی فونز میں پہلے سے زیادہ بہتر اے 14 پراسیسر دیا جائے گا جبکہ ریگولر ماڈلز میں 4 جی بی ریم اور پرو ماڈلز میں 6 جی بی ریم دیئے جانے کا امکان ہے۔کچھ لیکس کے مطابق ریگولر ماڈلز میں المونیم باڈی استعمال کی جائے گی جبکہ پرو ماڈلز اسٹین لیس اسٹیل سے لیس ہوں گے۔ان سب میں فائیوجی کی سہولت موجود ہوگی ۔  آئی فون 12 میں بیک پر الٹرا وائیڈ اور وائیڈ اینگل کیمرے ہوں گے جبکہ پرو فونز میں ٹیلی فوٹو لینس کے ساتھ تیسرا کیمرا بھی ہوگا ۔ اس کے نئے فیچرز میں  ہمیشہ آن ڈسپلے جو اسکرین آف ہونے پر بھی وقت  ظاہر کرے گا۔
یاد رہے کہ آئی فون منی میں 5.4 انچ ڈسپلے دیا جاسکتا ہے جبکہ آئی فون 12 میں 6.1 انچ، آئی فون 12 پرو میں بھی 6.1 انچ اور آئی فون پرو میکس میں 6.7 انچ ڈسپلے دیئے جانے کا امکان ہے۔ گزشتہ کئی سال سے ایپل کی جانب سے ریگولر آئی فون کے ساتھ بڑے ماڈلز کو میکس یا پلس کے نام کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ چاروں نئے آئی فونز اکتوبر میں متعارف کروائے جانے کا امکان ہے ۔