گوگل کے بانی لیری پیج اورسرگی برن رضاکارانہ طور پرعہدوں سے دستبردار

گوگل کے بانی لیری پیج اورسرگی برن رضاکارانہ طور پرعہدوں سے دستبردار
نیویارک :دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ' الفابیٹ' جوگوگل سمیت یوٹیوب، جی میل اور اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم کی بانی کمپنی ہے، اس کے سربراہ اپنے عہدوں سے رضاکارانہ طور پر علیحدہ ہوگئے ہیں ۔
ٹیکنالوجی کمپنی " الفابیٹ" 2015 میں تشکیل دی گئی تھی جب کہ اسی کمپنی نے سب سے معروف برانڈ گوگل کو 1998 میں بنایا تھا۔ گوگل سرچ انجن کو بنانے والے 46 سالہ سرگی برن اور لیری پیج نے رضاکارانہ طور پر اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے کر سب کوحیرت میں ڈال دیا ہے ۔
 لیری پیج اور سرگی برن گوگل کی فادرکمپنی ' الفابیٹ' کے چیف ایگزیکٹو افسر اور صدر نہیں رہے بلکہ ان کی جگہ گوگل کے سی ای او بھارتی نژاد امریکی ٹیکنالوجسٹ سندر پچائی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔گوگل کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں سرگی برن اور لیری پیج نے اعلان کیا کہ وہ رضاکارانہ طور کمپنی کے بہتر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے عہدوں سے دستبردار ہو رہے ہیں۔دونوں کی جانب سے لکھے گئے خط میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اگرچہ وہ دونوں اپنے عہدوں سے الگ ہو رہے ہیں، تاہم وہ کمپنی کی بہتری کے لیے ہر وقت ان عہدوں پر کام کرنے والے افراد کی مدد کے لیے تیار رہیں گے ۔
لیری پیج اور سیرگی برن فوربز کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے 10 ویں اور 14 ویں امیر ترین افراد میں شامل ہیں ،جن میں سے ہر ایک کی مالیت تقریبا 50 بلین ہے۔امریکی بزنس میگزین نے الفا بیٹ کو دنیا کی 17 ویں سب سے بڑی عوامی کمپنی قرار دیا ہے ، جس کی مارکیٹ ویلیو 863 بلین ڈالر ہے۔
یاد رہے کہ سرگی برن اور لیری پیج کی جانب سے اپنے عہدوں پر علیحدگی کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب گوگل پر پرائیویسی کے حوالے سے امریکا اور یورپ میں شدید تنقید کی جا رہی ہے اور ان کی کمپنی پر کروڑوں ڈالر کے جرمانے بھی عائد کیے جا چکے ہیں۔