کوالکوم کمپنی نے 2020 کے سمارٹ فون کیلئے نئی مائیکروچپ تیار کرلی

کوالکوم کمپنی نے 2020 کے سمارٹ فون کیلئے نئی مائیکروچپ تیار کرلی
کیلیفورنیا : دنیا بھر کے اسمارٹ فون کے لیے پروسیسر بنانے والی کمپنی کوالکوم نے ایک نئی مائیکروچپ تیار کی ہے جسے' اسنیپ ڈریگن 865' کا نام دیا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق 2020 کے اکثراسمارٹ فون میں یہی چپ استعمال ہوگی ۔ اس چپ کی بدولت فائیو جی اسمارٹ فون کا خواب پورا ہوگا اور اسمارٹ فون کے کیمرے مزید بہتر ہوں گے اور ایچ ڈی آر سمیت ڈولبی وژن جیسی نئی ڈسپلے ٹیکنالوجی سامنے آئے گی گزشتہ کئی برس سے کوالکوم کی اسنیپ ڈریگن چپ اسمارٹ فون کی دنیا میں چھائی ہوئی ہے ۔
یہ نئی 865 چپ گزشتہ چپ کے مقابلے میں نہ صرف 25 فیصد تیز رفتار ہے بلکہ فائیو جی میں اس کی اسپیڈ 7.5 جی پی بی ایس ہے۔ اس میں تھری ڈی اسپیکٹرا 480 امیج سینسر بھی موجود ہے جو ہر سیکنڈ میں دو گیگا پکسل فوٹو یا ویڈیو پروسیس کرتا ہے۔اس چپ کی بدولت 720 پکسل ویڈیو کو 960 فریم فی سیکنڈ کی رفتار سے بھی دیکھنا ممکن ہوگا اور سب سے بڑھ کر صارفین ڈولبی وژن کے مزے بھی اپنے اسمارٹ فون پر لے سکیں گے ۔کوالکوم نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ 2020 تک 200ملین سے زائد صارفین کو فائیو جی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ تاہم یاد رہے کہ فائیو جی ٹیکنالوجی 2021ء کے اوائل میں ہی صارفین کو دستیاب ہوگی ۔