ورلڈ کپ کے لئے منتخب اسکواڈ کی وزیراعظم سے ملاقات | GNN HD News GNN - Pakistan's Largest News Portal

ورلڈ کپ کے لئے منتخب اسکواڈ کی وزیراعظم سے ملاقات

ورلڈ کپ کے لئے منتخب اسکواڈ کی وزیراعظم سے ملاقات
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے آج آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے لئے منتخب ہونے والے قومی اسکواڈ نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے کھلاڑیوں کو مفید مشورے بھی دیئے۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور کرکٹ بورڈ حکام نے ملاقات کی۔ جس میں عمران خان کو ورلڈ کپ کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں 17 کھلاڑیوں کے ہمراہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی، کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی شریک تھے۔عمران خان نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں دلیری کے ساتھ کھیلنا ہوگا، سرفراز احمد کو قیادت کا حق ادا کرتے ہوئے خود ذمہ داری کا بوجھ اٹھانا ہوگا،جب کپتان خود دلیر گا تو ٹیم بھی دلیری کے ساتھ کھیلے گی۔ورلڈ کپ میں قومی جذبے اور جیت کی لگن سے کھیلیں، پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کریں، دنیا کے سامنے ملک و قوم کی نمائندگی کرنا آپ کے لیے بڑا اعزاز ہے۔وزیراعظم عمران خان نے1992 کے ورلڈ کپ کی یادیں بھی تازہ کی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 30مئی سے انگلینڈ میں شرو ع ہو رہا ہے جس کے افتتاحی میچ میں میزبان ٹیم انگلینڈ جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترےگی جبکہ پاکستان 31مئی سے ویسٹ انڈیز کے خلاف میگا ایونٹ میں اپنے سفر کا آغاز کرے گا۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ کیلئے منتخب کھلاڑیوں کے نام بتائے جن میں کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان ، محمد حسنین ، فخر زمان، امام الحق ، عابد علی، حارث سہیل، بابراعظم، شعیب ملک اور محمد حفیظ شامل ہیں۔ ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ محمد عامر اور آصف علی کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے رکھا ہے اور ہمارے پاس 22 مئی تک ورلڈ کپ کے لیے کھلاڑی تبدیل کرنے کا آپشن موجود ہے۔