Advertisement
پاکستان

مسلط شدہ شخص نے سائفر کے معاملے پر سنگین آئین شکنی کی، بلال اظہر کیانی

ذاتی سیاست اور مفاد کے لئے قومی سلامتی اور ریاست کو دائو پرلگانا اس کا وطیرہ ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 years ago پر Jul 21st 2023, 6:18 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
مسلط شدہ شخص نے سائفر کے معاملے پر سنگین آئین شکنی کی، بلال اظہر کیانی

اسلام آباد: وزیراعظم کے رابطہ کار برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ مسلط شدہ شخص اور مصنوعی سیاست دان نے سائفر کے معاملے پر سنگین آئین شکنی کی ہے۔

ذاتی سیاست اور مفاد کے لئے قومی سلامتی اور ریاست کو دائو پرلگانا اس شخص کا وطیرہ ہے، توشہ خانہ ،فارن فنڈنگ، سائفر اوردیگر مقدمات سے خود ضمانتوں کے لئے بھاگتا رہتا ہے جبکہ کارکنوں کو جیل جانے کی ترغیب دیتا ہے۔ جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس کرتےہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ مسلط شدہ شخص نے سائفر کے معاملے پر سنگین آئین شکنی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کامیاب عدم اعتماد کےذریعے اور آئینی طریقے سے غیر آئینی طورپر مسلط شدہ شخص ہٹایا گیا تو اس شخص نے سائفر کا ڈرامہ رچاتے ہوئے سنگین آئین شکنی کی۔ ہم نے اس وقت بھی کہا تھا کہ ایک جھوٹا شخص ہے جو ذاتی سیاست اور مفاد کے لئے قومی سلامتی اور ریاست کو دائو پر لگا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان نے جو بیان دیا ہے وہ ہمارے سچ پر مہر تصدیق ہے۔ آئین توڑنا اور آئین کا روندنا اس مسلط شدہ شخص اور مصنوعی سیاستدان کی روایت ہے۔ اس کی ساری سیاست آئین شکنی کے گرد گھوم رہی ہے ۔2014 کے دھرنوں کے دوران بھی اس شخص نے سفارتی تعلقات کو دائو پر لگانے سے گریز نہیں کیا تھا۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو غیر آئینی سے ہٹانے میں ریاستی ستونوں کا استعمال کیا گیا ۔ نواز شریف کو ہٹانے کے لئے بار بار آئین شکنی کی گئی۔ آر ٹی ایس کو مٹایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ریاست کو نقصان پہنچانے اور ملک کو دیوالیہ کرنے کے لئے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ اس شخص نے سائفر جیسے جھوٹ کی بنیاد پر عدم اعتماد کی تحریک کو کچلتے ہوئے پارلیمان کو غیر آئینی طریقے سےتحلیل کیا تھا۔ جب موجودہ حکومت آئی ایم ایف کو میز پر لانے کی کوشش کررہی تھی تو اس شخص نے شوکت ترین کے ذریعے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے اور ملک کو دیوالیہ کرنے کی بھرپور کوشش کی ۔

Advertisement
Advertisement