Advertisement
پاکستان

پاکستان میں حج سپانسرشپ سکیم کی تحت صرف 3 ہزار 800 درخواستیں موصول

حج سپانسرشپ سکیم کی آخری تاریخ گزرنے کے بعد اس میں توسیع نہیں کی جائے گی، ترجمان مذہبی امور

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 years ago پر Jan 1st 2024, 8:30 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
پاکستان میں حج سپانسرشپ سکیم کی تحت  صرف 3 ہزار 800 درخواستیں موصول

حج سپانسرشپ سکیم کی تحت پاکستان کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ڈیڈ لائن مکمل ہونے پر صرف 3 ہزار 800 درخواستیں موصول ہوئیں، یہ تعداد سپانسر شپ سکیم کے لیے طے کردہ تعداد 25 ہزار کے مقابلے میں بہت کم ہے۔

اس سکیم کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی حج کے لیے درخواست دینے یا امریکی ڈالر میں حکومت پاکستان کو ادائیگی کر کے اپنے کسی عزیز ، رشتہ دار کو حج کرانے کی سپانسر شپ دیتے ہیں جبکہ حکومت پاکستان کے ریگولر کوٹے کی تعداد 64 ہزار مختص کی گئی ہے۔

وزارت مذہبی امور نے بھی اس بارے میں تصدیق کی ہے کہ اتوار کے روز جب سپانسرشپ کے تحت حج درخواستیں جمع کرانے کا وقت ختم ہو رہا تھا تو صرف 3800 سے چند درخواستیں زیادہ ملی تھیں۔

اس سپانسر شپ سکیم کا مقصد حکومت پاکستان کو ڈالرز کی شکل میں رقوم کی فراہمی اہم ہے ، تاہم اس کے بدلے میں سپانسر شپ حاصل کرنے والوں کو حج کے لیے قرعہ اندازی کی شرط سے گذرے بغیر ہی حج کی سعادت کا موقع ملنے کا امکان ہوتا ہے۔ ان کے قریبی رشتہ دار بھی اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

آنے والے حج سیزن کے لیے پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 افراد کے لیے حج کرنے کا کوٹہ ملا تھا، حکومت پاکستان نے اس میں سے 89 ہزار کی تعداد میں کوٹہ سرکاری سکیموں کی ذیل میں رکھا تھا۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حج سپانسرشپ سکیم کی آخری تاریخ گذرنے کے بعد اس میں توسیع نہیں کی جارہی کیونکہ پاکستان میں حج پراسس کا سارا شیڈول سعودی شیڈول سے منسلک ہے اور دو جنوری تک پاکستان نے سعودی عرب کو اپنے عازمین حج کی رپورٹ پیش کرنا تاکہ ان کے لیے حج فلائٹس کا انتظام اپنے نظام الاوقات کے تحت ممکن ہو سکے۔

Advertisement