Advertisement
پاکستان

صحافی عمران ریاض خان کی گرفتاری پرپی ٹی آئی نے ملک گیر احتجاج کی کال دے دی

اسلام آباد:رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ کل ملک بھر میں عمران ریاض خان کی گرفتاری اور آزادی اظہار رائے کو دبانے کی کوشش کے خلاف احتجاج کریں گے۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 years ago پر Jul 6th 2022, 5:33 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
صحافی عمران ریاض خان کی گرفتاری پرپی ٹی آئی نے  ملک گیر احتجاج کی کال دے دی

اسد عمر نے اپنے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ کل تحریک انصاف کے ورکرز پریس کلبوں کے سامنے ملک بھر میں عمران ریاض خان کی گرفتاری اور آزادی اظہار کو دبانے کی کوشش کے خلاف احتجاج کریں گے۔

رہنما تحریک انصاف شہباز گل نے بھی فواد چودھری اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران ریاض کی گرفتاری کے خلاف کل ملک گیر احتجاج کیا جائے گا، شہباز شریف اور رانا ثناء جو کر رہے اس کی مثال پاکستان کی تاریخ اور بدترین آمریت میں بھی نہیں ملتی، اسے نہ صحافی برداشت کریں گے نہ قوم۔

واضح رہے کہ سینئر اینکر پرسن عمران ریاض خان کو پشاور سے اسلام آباد جاتے ہوئے پولیس کی جانب سے اسلام آباد ٹول پلازہ پر گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق عمران ریاض کے خلاف پنجاب کی حدود اٹک میں ایف آئی آردرج ہے، عمران ریاض خان کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر سینئر صحافیوں، تحریک انصاف کے رہنماؤں اور دیگر صارفین کی جانب سے عمران ریاض خان کی گرفتاری کی مذمت کی جا رہی ہے۔

رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے کہا کہ عمران ریاض خان کی گرفتاری قابلِ مذمت ہے، رائے کے اظہار کا جواب دلیل سے دیا جاتا ہے گرفتاری سے نہیں۔

پی ٹی آئی فرخ حبیب نے عمران ریاض کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے کو ایسے طاقت کے زور پر دبایا نہیں جاسکتا۔

Advertisement
Advertisement