Advertisement
پاکستان

مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر مبینہ فائرنگ

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے قافلے کے قریب فائرنگ بزدلانہ کارروائی ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 years ago پر Jan 1st 2024, 4:41 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر مبینہ فائرنگ

 

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر ڈی آئی خان میں یارک انٹر چینج پر فائرنگ کی گئی ، ابتدائی معلومات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر دو اطراف سے فائرنگ کی گئی جس میں سربراہ جے یو آئی سمیت انکے ہمراہ موجود تمام افراد محفوظ رہے۔مولانا فضل ارحمان الیکشن مہم کے سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان سے گزر رہے تھے۔

مولانا فضل الرحمان واقعے کے بعد اپنے آبائی گھر عبد الخیل پہنچ گئے، ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے قافلے کے قریب فائرنگ بزدلانہ کارروائی ہے، بارہا متنبہ کرچکے ہیں کہ ہماری قیادت کے لئے حالات سازگار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ آئے روز تھریٹس کے حوالے سے لیٹر لکھتی ہے لیکن عملاً کوئی قدم نہیں اٹھاتی، واقعہ کی فوری تحقیقات کرائی جائیں، ادارے کیونکر اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی اور بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے۔

دریں اثنا سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ڈی آئی خان میں مولانا فضل الرحمن کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ مولانا فضل الرحمن اور ان کے ساتھی حملے میں محفوظ رہے۔

Advertisement