Advertisement
پاکستان

سپریم کورٹ کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے ناقابلِ جواز عمل  کا نوٹس لے،چیئرمین پی ٹی آئی

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ انتخابات کا کسی صورت بائیکاٹ نہیں کریں گے

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 years ago پر Jan 2nd 2024, 2:34 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
سپریم کورٹ کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے ناقابلِ جواز عمل  کا نوٹس لے،چیئرمین پی ٹی آئی

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ انتخابات کا کسی صورت بائیکاٹ نہیں کریں گے اور اگر بلے کا انتخابی نشان بھی واپس لیا گیا تو بھی ہمارے پا س متبادل حکمتِ عملی موجود ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صاف شفاف انتخابات کیلئے سپریم کورٹ سے  فوری مداخلت اور نوٹس کی استدعا کردی، عدالتِ عظمیٰ ریٹرننگ افسران کی جانب سے بڑے پیمانے  پر تحریک انصاف کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے ناقابلِ جواز عمل  کا نوٹس لے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمیں بدترین انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور بحیثیت جماعت ہدف بنائے جانے کا سلسہ جاری ہے، انتخابات کے پہلے مرحلے میں کاغذاتِ نامزدگی کی پڑتال کے عمل کے دوران ناقابلِ یقین اندازمیں غیر قانونی طور پر تحریک انصاف کے صفِ اول کے  کم و بیش تمام امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کر کے غیر ضروری قانونی کارروائی کا دروازہ کھولا گیا۔

بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل کے آغاز کے باوجود ہمارے کارکنان اور سپورٹرز جبر وفسطائیت سے محفوظ نہیں اور بحیثیت جماعت ہمارے حقوق چھینے جارہے ہیں، ہم ملک میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے اور ریاست کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہمیں جس انداز سے  انتخابی عمل سے باہر کیا جارہا ہے، اس کی آئین یا جمہوریت میں ہر گز کوئی گنجائش نہیں، تحریک انصاف مکمل طور پر جمہوریت پر یقین رکھتی ہے  اور تمام جماعتوں کیلئے انتخابات میں شرکت کے یکساں اور مساوی مواقع کے حق میں ہیں۔

 

Advertisement
Advertisement