Advertisement
پاکستان

غیرجانبدارانہ اور پرامن انتخابات کے لیے تمام تر وسائل بروے کار لائے جائیں گے، چیف الیکشن کمیشن

انتخابات کے عمل میں کوتاہی کرنے والے اہلکاروں اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، سکندر سلطان راجہ

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 years ago پر Oct 18th 2023, 12:36 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
غیرجانبدارانہ اور پرامن انتخابات  کے لیے تمام تر وسائل بروے کار لائے جائیں گے، چیف الیکشن کمیشن

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ انتخابات کے غیرجانبدارانہ اور پرامن انعقاد کے لیے تمام تر وسائل بروے کار لائے جائیں گے، انتخابات کے عمل میں کوتاہی کرنے والے اہلکاروں اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ سندھ میں عام انتخابات میں 1 لاکھ 10 ہزار 334 پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

عام انتخابات کے متعلق سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کے انتخابات کے غیر جانبدارانہ اور پرامن انعقاد کے لیئے تمام تر وسائل بروے کار لائے جائیں، انتخابات کے عمل میں کوتاہی کرنے والے اہلکاروں اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کے انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ انعقاد ہی بہتر جمہوریت کا ضامن ثابت ہوگا۔ الیکشن کمیشن ہر طرح سے عبوری صوبائی حکومت کو مدد فراہم کرے گا۔مزید کہ کسی قسم کی سیاسی لحاظ سے سرکاری ملازمین کی طرفداری برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر اس طرح کی کوئی شکایات ملی تو فوری ایکشن لیا جائیگا۔

 
 

اجلاس کے دوران سیکریٹری الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے مختصر جائزہ پیش کیا جس میں انتخابی فہرستوں کی اپڈیشن اور ووٹر رجسٹریشن کے حوالے سے آگاہی دی۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اب تک کئے گئے انتظامات پر اجلاس کو آگاہ کیا اور مزید جو اقدامات کرنے ہیں ان کا جائزہ پیش کیا۔‎چیف الیکشن کمشنر نے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے سپیشل پلان مرتب کرنے کے احکامات بھی دیئے، ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کو صاف، شفاف، منصفانہ بنانے کے لیئے آرمی اور رینجرز کی مدد بھی لی جائے گی،

چیف سیکریٹری نے تمام احکامات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ سندھ میں 2 کروڑ 67 لاکھ 83 ہزار 254 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ سندھ میں قومی اسمبلی کے 61 اور صوبائی اسمبلی کے 130 نشستوں پر انتخابات ہونگے، صوبے میں 19 ہزار 236 پولنگ سٹیشنز بنائی جائیں گی۔ صوبے میں 4 ہزار 430 انتہائی حساس اور 8 ہزار 80 حساس پولنگ اسٹیشنز قرار دیئے گئے ہیں۔اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت عام انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

 

انہوں نےکہا کہ صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کے احکامات کی روشنی میں 100 فیصد ٹرانسفر پوسٹنگ پر عمل درآمد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشنز پر تمام تر سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں آئی جی سندھ رفعت مختار نے بتایا کہ سندھ پولیس کی جانب سے سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔ عام انتخابات میں 1 لاکھ 10 ہزار 334 پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ کوئیک رسپانس فورس بھی کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی صورت میں الرٹ ہوگی اور الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔

Advertisement
Advertisement