Advertisement
پاکستان

اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی سے پہلی بین الاقوامی پرواز لینڈ کر گئی

سطح سمندر سے 7500 فٹ بلندی پر واقع ہوائی اڈے کے لیے یہ واقعی ایک یاگار لمحہ ہے،سول ایوی ایشن اتھارٹی

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 years ago پر Aug 14th 2023, 10:08 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی سے پہلی بین الاقوامی پرواز لینڈ کر گئی

یوم آزادی کے موقع پر اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی سے پہلی بین الاقوامی پرواز لینڈ کر گئی۔ سطح سمندر سے 7500 فٹ بلندی پر واقع ہوائی اڈے کے لیے یہ واقعی ایک یاگار لمحہ ہے۔

پہلی بین الاقوامی پرواز دبئی سے 80 مسافروں کو لے کر اسکردو ہوائی اڈے پر پہنچی، ان پروازوں کے آغاز سے قومی ایئر لائن نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی خطے کے لیے ہوائی اڈے کی سفری رسائی کو بہتر بنانے میں ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے۔ اس سے مسافروں کو اس خوبصورت خطے کا دورہ کرنے کے اضافی مواقع ملیں گے اور دونوں مقامات کے درمیان فضائی رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس ترقی سے نہ صرف سیاحوں اور مسافروں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ مقامی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ سکردو اور اس کے آس پاس کے علاقے اپنے شاندار مناظر اور قدرتی خوبصورتی کے لیے مشہور ہیں، اس لیے بہتر رسائی بلاشبہ زیادہ سیاحوں کو راغب کرے گی۔

ان پروازوں کے اجراء سے اسکردو پوری دنیا میں متعارف ہوگا، بین الاقوامی پرواز پر سیاح گلگت بلتستان کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوں گے۔ اسکردو ایئر پورٹ پر پرواز لینڈ کرنے کے بعد اعلیٰ حکام کی جانب سے مسافروں کا خیر مقدم کیا گیا اور انہیں تحائف بھی دیے گئے۔

مسافروں کا کہنا تھا کہ یہ پرواز شاندار تھی، ان پروازوں کے اجراء سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔

Advertisement
Advertisement