Advertisement

پاکستان میں روسی کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری

اسلام آباد : ڈریپ (ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان )نے ہنگامی حالات میں روسی ویکسین" اسپٹنک فائیو "کے استعمال کی بھی منظوری دے دی ہے ۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 6 years ago پر Jan 25th 2021, 12:36 am
ویب ڈیسک کے ذریعے

تفصیلات  کے مطابق حکومت پاکستان نے روسی ویکسین ' اسپٹنک فائیو ' کی بھی ہنگامی حالات میں استعمال کی اجازت دے دی ہے، روسی ویکسین کے استعمال کی اجازت ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے رجسٹریشن بورڈ کی جانب سے دی گئی ہے۔ ویکسین منگوانے کی اجازت مقامی دوا ساز کمپنی  اے جی پی فارما سیوٹیکل کمپنی لمیٹڈ کو دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین کی پہلی کھیپ  دو ہفتوں تک پاکستان پہنچ جائے گی  ، روسی ویکسین کو منفی18 ڈگری پر اسٹور کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان میں اب تک مختلف ممالک کی تین ویکسینز کے استعمال کی  منظوری دی جاچکی دی ہے جن میں چین کی سرکاری کمپنی سائنو فارم کی ویکسین ، برطانوی کمپنی ایسٹرا زینیکا کی ویکسین اور اب روسی ویکسین اسپٹنک شامل ہیں۔

اسپٹنک  -5 کی ویب سائٹ پر موجود معلومات کے مطابق روسی ویکسین دنیا کی پہلی رجسٹرڈ ویکسین ہے جو ایک بہتر مطالعہ شدہ انسانی اڈینووائرل ویکٹر پر مبنی پلیٹ فام پر مبنی ہے،یہ عالمی ادارہ صحت کی فہرست میں ان دس امیدوار ویکسین میں شامل ہے جس کے کلینکل ٹرائلز اختتام کے قریب اور بڑے پیمانے پر پیداوارکا آغاز ہونے والا ہے۔ روس میں جاری اسپٹنک -5کے بعد از رجسٹریشن کلینکل ٹرائل میں 40 ہزار رضاکاروں نے حصہ لیا ہے ، مزید براں متحدہ عرب امارات ، بھارت، وینزویلا اور بیلاروس میں بھی  اسپٹنک  5 کے کلینکل ٹرائل کا اعلان کیا گیا تھا۔ابتدائی ٹرائلز سے جمع کیے گئے نتائج کے مطابق یہ ویکسین کورونا کیلئے 91.4 فیصد تک موثر ہے۔ اس ویکسین  کی دستیابی کیلئےدنیا بھر کے 50ممالک کی جانب سے  1.2 بلین خوراکوں  کی درخواست آچکی ہے۔ عالمی منڈی  میں ویکسین کی فراہمی کیلئے  بھارت ، برازیل ، چین ، جنوبی کوریا اور دیگر ممالک شراکت دار ہوں گے ۔

خیال  رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس کے خلاف کامیاب ویکسین تیار کرنے کے لیے 200سے زیادہ مقامات پر کوششیں جاری ہیں ۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 9 کروڑ93 لاکھ افراد متاثر جبکہ  21لاکھ 30ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہے ۔

 

Advertisement