پاکستان
ہم پاکستان میں شہری آزادی کی پاس داری چاہتے ہیں، ڈونلڈ بلوم
پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ کام کو سپورٹ کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے، امریکی سفیر
پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نےکہا کہ ہم پاکستان میں شہری آزادی کی پاس داری چاہتے ہیں۔ پاکستان کی معیشت کو حساس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اصلاحات کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ کام کو سپورٹ کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا شراکت داری اور تعاون کی طویل تاریخ رکھتے ہیں، امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، امریکا سمجھتا ہے کہ پاکستان میں بہت استعدادکار موجود ہے جب کہ پاکستان کے پاس متحرک نوجوان آبادی ہے۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے، امریکا اور پاکستان کے درمیان پارٹنرشپ کی بڑی تاریخ ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی قدرکرتے ہیں، گزشتہ سال دونوں ممالک کےدرمیان تجارت 9 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی، امریکا کے نجی شعبے پاکستان کے پوٹینشل کےمعترف ہیں۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ کام کو سپورٹ کرتے ہیں، ہم منگلا ڈیم کو نئے ٹربائنزکےساتھ اپ گریڈ کر رہے ہیں، ہم 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری صاف پانی کی فراہمی میں کر رہے ہیں جب کہ 85 ملین ڈالر میل نیوٹریشن کے خاتمے پر سرمایہ کاری کررہے ہیں۔
ڈونلڈ بلوم نے مزید کہا کہ شعبہ تعلیم اور اکیڈمک پروگرام میں 20 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہے ہیں، ہم گندھارا تہذیب کے تحفظ کو بھی سپورٹ کررہے ہیں جب کہ امریکا ایک بلین ڈالر صوبوں کو جسٹس اینڈ سکیورٹی پروگرام میں فراہم کررہا ہے، ہم پاکستان میں ہیلتھ کیئر سسٹم میں سرمایہ کاری کررہے اور مستقبل میں بھی سرمایہ کاری کریں گے۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا مشترکہ طور پر افغان مہاجرین اور پناہ کی تلاش میں لوگوں کوسپورٹ کررہے ہیں، خیال کیا جاتا ہےکہ پاک امریکا تعلقات کا محور سکیورٹی مسائل ہیں مگر ایسا ہرگز نہیں،گزشتہ کئی سالوں میں امریکا نے پاکستان کو قدرتی آفات اور معاشی طورپرسپورٹ کیا۔
پاکستان
حکومت ہر کام رات کے اندھیرے میں کرتی ہے، بیرسٹر گوہر
حکومت آئینی نہیں غیر آئینی ترمیم کرنے جارہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ یہ ایسی حکومت ہے جو ہر کام رات کے اندھیرے میں کرتی ہے، حکومت آئینی نہیں غیر آئینی ترمیم کرنے جارہی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ ایسی کون سی پردہ داری ہے جو یہ ہر کام رات کے اندھیرے میں کرتے ہیں، کس چیز کو چھپارہے ہیں۔ ہمارے سامنے مسودہ نہیں ہے پہلے ہم اسے پڑھیں تو سہی پھر فیصلہ ہو گا۔
مولانا فضل الرحمان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہیں انہوں نے ہمارے ساتھ کسی آفر کی بات نہیں کی، مولانا گزشتہ رات تک ہمارے ساتھ تھے،وہ بڑے معتبر سیاستدان ہیں، مولانا صاحب عدلیہ کے کیلئے کوشش کرتے رہیں گے، ہمارے سارے بندے ہمارے ساتھ ہوں گے۔ مولانا فضل الرحمان کا مؤقف ہے عدلیہ سے متعلق قانون سازی غیر معمولی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا موقف ہے ججز کی عمر بڑھنی چاہیے نہ ہی توسیع ہونی چاہیے، سپریم کورٹ واحد ادارہ رہ گیا ہے جو آئینی حقوق کی حفاظت کرے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی روٹیشن کی بات ہوئی اس سے عدلیہ پر قدغن لگے گا، اگر جج کی رائے کے بغیر ٹرانسفر کرتے ہیں تو یہ نامناسب ہے۔ یہ بہت اہم قانون سازی ہے جسے اپنی بجائے ملک و قوم کے لئے کرنا ہے،
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ سب کچھ صرف عدلیہ پر حملہ کرنے کیلئے کیا جارہا ہے، ہمارے سارے بندے ہمارے ساتھ ہوں گے، ہر پارلیمنٹیرین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق ووٹ دے۔ رات کے اندھیرے کی حکومت ہے رات کے اندھیرے میں قانون سازی کررہے ہیں، اگر کسی کو اٹھا کر نمبر گیم پوری کرنی ہے تو الگ بات ہے۔
دنیا
حوثی باغیوں کا اسرائیل پر بیلسٹک میزائل سے حملہ، 9 افراد زخمی
اسرائیلی فضائی دفاعی نظام فعال کیا گیا تھا جس نے یمنی میزائل کو گرانے کے لیے بہت سے راکٹس داغے مگر وہ میزائل کو گرانے میں ناکام رہے
یمن کے حوثی باغیوں نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا، میزائل تل ابیب کے قریب ایک مقام پر گرا جس کے بعد ایک کھلےعلاقے میں آگ بھڑک اٹھی، حملے میں 9 افراد زخمی ہوئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن سے آنے والے میزائل کو روکنے کے لیے اسرائیلی فضائی دفاعی نظام فعال کیا گیا تھا جس نے یمنی میزائل کو گرانے کے لیے بہت سے راکٹس داغے مگر وہ میزائل کو گرانے میں ناکام رہے، میزائل اسرائیل کی حدود میں داخل ہوتے ہی اسرائیلی دفاعی نظام کے تحت سائرنز بجنا شروع ہوئے اور حملے کے خوف سے ایک ہی وقت میں لاکھوں اسرائیلی ملک کے مختلف حصوں میں قائم کی گئی محفوظ پناہ گاہوں کی طرف دوڑے جس کے باعث 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔
یمنی باغیوں کے حملے کے بعد حوثی ترجمان یحییٰ ساری نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے اپنے ہائپر سونک بیلسٹک میزائل سے جافا کے علاقے کو نشانہ بنایا اور اپنا ٹارگٹ حاصل کرلیا۔ ہمارے فائر کیے گئے ہائپر سونک میزائل نے 2000 کلومیٹر سے زائد کا سفر صرف 11 منٹ 30 سیکنڈ میں طے کیا اور اسرائیل میں اپنے ٹارگٹ تک پہنچا اور اس نے پہلی مرتبہ 20 لاکھ اسرائیلیوں کو ایک ہی وقت میں محفوظ پناہ گاہوں میں جانے پر مجبور کیا۔
دوسری جانب لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب کی جانب سے بھی اسرائیل پر حملے جاری ہیں اور حوثیوں کے حملے کے بعد حزب اللہ نے بھی آج شمالی اسرائیل کے علاقوں پر 40 راکٹ داغے جس کے باعث مختلف علاقوں میں آگ لگ گئی اور کچھ گھروں کو بھی نقصان پہنچا،حزب اللہ کے حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے اسرائیلی فوج نے کہا کہ لبنان سے 40 راکٹس شمالی اسرائیل کی جانب فائر کئے گئے جن میں سے کچھ راکٹس مار گرائے گئے اور کچھ خالی علاقے میں گرے۔
پاکستان
جعلی حکومت بدنام زمانہ آئینی ترامیم کی ناکام کوشش کررہی ہے، بیرسٹر سیف
آئینی ترامیم سپریم کورٹ پر شب خون مارنے کے مترادف ہے، مشیر اطلاعات کے پی
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت بدنام زمانہ آئینی ترامیم کی ناکام کوشش کررہی ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ترامیم سپریم کورٹ پر شب خون مارنے کے مترادف ہے، جعلی حکومت آئینی ترامیم کی ناکام کوشش کر رہی ہے، یہ ترامیم آئین سے غداری کے سوا کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے بلاول بھٹو زرداری بھی ترامیم میں پیش پیش ہے ترامیم کیلئے جعلی اتحادی حکومت ٹولیوں کی شکل میں گھوم پھر رہی ہے، بغض عمران خان میں جعلی حکومت آئین روندنے کیلئے بھی تیار ہے، جعلی مینڈیٹ والے آئینی ترامیم کے ذریعے ایک بار پھر سپریم کورٹ پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اعلیٰ عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے، آزادی سلب نہیں کرنے دیں گے۔ سپریم کورٹ نے جعلی حکومت سے ملی ہوئی الیکشن کمیشن کے منہ پر بھی طمانچہ رسید کیا، الیکشن کمیشن نے ملک کی تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔
-
تجارت 6 گھنٹے پہلے
آئی پی پیزکا کیپسیٹی چارجز سمیت بجلی کے نرخوں میں کمی سے انکار
-
پاکستان 2 دن پہلے
12 ربیع الاول کے ساتھ 11ربیع الاول کی بھی چھٹی ہونی چاہیے، گورنر سندھ
-
دنیا 2 دن پہلے
روسی صدر ولادمیر پیوٹن نے ترک صدر کی تجویز مسترد کر دی
-
پاکستان ایک دن پہلے
آج کا بل قانون کی خلاف ورزی ہو گی ، بیرسٹر گوہر
-
دنیا 2 دن پہلے
شراب پالیسی کیس میں نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم
-
جرم ایک دن پہلے
کچلاک :پولیس موبائل کے قریب دھماکا، 2اہلکار شہید
-
دنیا ایک دن پہلے
رشوت کا الزام ثابت ہونے پرسابق آئی جی کو 20 سال قید
-
دنیا ایک دن پہلے
کانگو میں بغاوت میں ملوث 37 افراد کو سزائے موت