Advertisement
پاکستان

اسلام آباد، راولپنڈی میں گرین و بلیو لائن بس سروس کا افتتاح ، ایک ماہ تک مفت سفرکی سہولت 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں دو بس سروسز گرین لائن اور بلیو لائن کا افتتاح  کردیا ۔ وزیراعظم نے شہریوں کیلئے ان  بسوں پر ایک ماہ تک مفت سفر کی سہولت دینے کا بھی اعلان کردیا ۔ 

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 years ago پر Jul 7th 2022, 2:15 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
اسلام آباد، راولپنڈی میں گرین و بلیو  لائن بس سروس کا افتتاح ، ایک ماہ تک مفت سفرکی سہولت 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آج  ( جمعرات ) صبح اسلام آباد میں گرین لائن و بلیو لائن بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  عوامی پبلک ٹرانسپورٹ کا اجرا ء جڑواں شہروں کے لیے اہم ہے،  عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے بلیو اور گرین لائن سروس  کا آغاز کیا جارہا ہے، اسلام آبادراولپنڈی کے عوام ایک اورسفری سہولت سےفیض یاب ہونگے ۔

وزیراعظم نے کہا  کہ طلبہ ، اساتذہ، ڈاکٹرز اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اس پبلک ٹرانسپورٹ سے مستفید ہوں گے اور  یہ سفری سہولتیں تمام مسافروں کو ایک ماہ کے لیے مکمل طور پر مفت دی جائیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مزید  کہا کہ اس منصوبےمیں تاخیربرداشت نہیں کی جائےگی ، ماضی کی تاخیر کے ازالے کیلئے سب کو مل کر کام کرناہوگا۔ 

خیال رہے کہ گرین لائن بس سروس بہارہ کہو سے پمز جبکہ بلیو لائن کورال سے پمز کے درمیان چلے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ  ملک میں شمسی توانائی کاجال پورے ملک میں  بچھاناچاہتے ہیں ، ہم ایسے منصوبے کے بارے میں سوچ رہے ہیں کہ جس سے لوگوں کو سولر پینلز مہیا کیے جا سکیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ  عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے، جلد مہنگائی سے نجات ملے گی ، ہم دعا گو ہیں کہ تیل کی قیمتیں جلد کم ہوں ، 30ارب ڈالر کا تیل اور گیس امپورٹ کیا جاتا ہے، ہم نے 75 سالوں سے ملک کے لیے کچھ اچھا کام نہیں کیا لیکن بعض حکومتوں نے اچھا کام بھی کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے 100 یونٹ والے بجلی کے بل معاف کرنے کا انقلابی فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے 100 ارب کا بجٹ رکھا ہے، دیگر صوبے بھی پنجاب حکومت کی طرح عوامی سہولیات سے متعلق اقدام کریں۔

 

Advertisement
Advertisement