Advertisement
پاکستان

پولیو کے قطرے پلانے کو غیر شرعی سمجھنے والے بدقسمت ہیں، نگران وزیر اعظم

علماء کرام پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے مقصد کے حصول کے لئے عوام میں انسداد پولیو مہم کے حوالہ سے شعور اجاگر کریں، انوار الحق کاکڑ

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 years ago پر Dec 28th 2023, 8:39 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
پولیو کے قطرے پلانے کو غیر شرعی سمجھنے والے  بدقسمت ہیں، نگران وزیر اعظم

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے علماء کرام پر زوردیا ہے کہ وہ پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے مقصد کے حصول کے لئے عوام میں انسداد پولیو مہم کے حوالہ سے شعور اجاگر کریں،محفوظ اور روشن مستقبل کیلئے صحت مند زندگی ہمارے بچوں کا حق ہے،پولیو کے خلاف مہم میں بین الاقوامی اداروں کے تعاون کو سراہتے ہیں۔

پولیو کے خاتمے سے متعلق قومی علماء کانفرس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ قرآن و حدیث ہماری رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہیں ، قرآن و سنت کی روشنی میں ہم نے اجتماعی فیصلے کرنے ہیں۔انہوں نے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کے انسداد پولیو مہم کے معاملے پر اجتماع کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواہش ہے کہ علماء کرام تمام قومی مسائل کے حوالے سے ایسے ہی اکھٹے ہوں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ علماء کرام کے اتفاق سے ہی عوام میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا ہوگا۔

 

انہوں نے کہا کہ بچوں کے روشن مستقبل کیلئے صحت مند زندگی ان کاحق ہے ۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ اپنے بچوں کی زندگی کا تحفظ کر سکتے ہیں، غزہ میں بچوں کا اجتماعی قتل عام ہو رہا ہے ، جو انسانیت کے لمحہ فکریہ ہے ۔ مسلمان کسی مذہب یا اس کے پیروکار سے نفرت نہیں کرتا اور ہمیشہ انصاف کیلئے کھڑا ہوتا ہے ۔

 

وزیر اعظم نے پولیو کے قطرے پلانے کو غیر شرعی سمجھنے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ علماء کرام ایسے عناصر کے خلاف کھڑے ہوں ، بغیر تحقیق کے پولیو قطروں کے حوالے سے جھوٹ نہ پھیلایا جائے۔ علماء کرام ایسے لوگوں کا محاسبہ کریں ۔ نگران وزیر اعظم نے کہا کہ مسلمان معقول رویہ اختیار کرنے والا ہوتا ہے ، نا معقول رویوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ، قرآن مجید میں تحقیق کے بغیر کسی بات کو پھیلانے سے منع فرمایا گیاہے ۔

وزیر اعظم نے علماءحق پر زور دیا کہ وہ علماء سو کے سامنے کھڑے ہوں ، معاشرے کی قرآ ن و حدیث کی روشنی میں رہنمائی کریں اور حق اور سچ کو سامنے لائیں۔ وزیر اعظم انسداد پولیو کیلئے معاونت فراہم کرنے والے اقوام متحدہ کے پروگرام، بل گیٹس اور بین الاقوامی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے ہمارے بچوں کی صحت اور روشن مستقبل کیلئے جو معاونت اور مالی مدد فراہم کر رہے ہیں اس کا اعتراف نہ کرنا بددیانتی ہوگی کیونکہ پولیو ہماری آئندہ نسلوں کیلئے خطرہ ہے ۔

 

 

Advertisement