Advertisement
پاکستان

انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت سی ڈی اے کے امور پر اہم اجلاس

اجلا س میں نگراں وزیر اعظم انوارلحق کاکڑ کو اسلام آباد میں بائیسکل لینز منصوبے اور اسلام آباد ماسٹر پلان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 years ago پر Jan 23rd 2024, 5:01 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت  سی ڈی اے  کے امور پر اہم اجلاس

 

 نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو اسلام آباد میں بائیسکل لینز منصوبے اور اسلام آباد ماسٹر پلان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم انوار لحق کاکڑ  نے ہدایت کی کہ بائیسکل لینز کا منصوبہ اسلام آباد کے لئے ایک ماحول دوست منصوبہ ہے جس کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد ماسٹر پلان پر نظر ثانی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد ماسٹر پلان کے جائزے کے لئے وفاقی کمیشن کی تشکیل جلد از جلد کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں نئے رہائشی منصوبوں کے لئے عمودی تعمیرات کو ترجیح دی جائے۔

نگران وزیراعظم نے اجلاس میں متعلقہ حکام کو اسلام آباد میں کاروباری سرگرمیوں کے لئے کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر کے لئے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اسلام آباد میں پانی کے مسئلے کے جلد از جلد حل کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں پارکنگ کے مسئلے کے حل کے لئے پارکنگ کے لئے مخصوص عمارتیں تعمیر کی جائیں۔

اجلاس میں وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے لئے مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بائیسکل لینز منصوبے میں 374 کلومیٹر لینز اور 150 پارکنگ سٹیشنز کی تعمیر شامل ہے۔

 

Advertisement