وزیراعظم شہبازشریف نے مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں دینے کے لئے پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کیا ہے۔
آج لاہور میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اسے ایک طویل سفر کے آغاز کے طور پر پیش کیا۔
شہبازشریف نے وزیر ریلوے کو ہدایت دی کہ ٹرین سروس کو عام مسافروں کے لیے ایک بہترین ذریعہ بنایا جائے، مال برداری کے نظام کو بہتر بنایا جائے، اور پاکستان ریلویز کو دنیا کے بہترین ریلوے نظاموں کے ہم پلہ بنایا جائے۔
وزیراعظم نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کے لیے مختلف سہولتوں کا بھی افتتاح کیا، جن میں برقی سیڑھیوں کی تنصیب، فیملی لاؤنج، انتظار گاہوں کی تزئین و آرائش، اور وائی فائی کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی شامل ہیں۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ ان کی وزارت مسافروں کو بہترین سفری تجربہ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی طور پر 348 اسٹیشنز پر اے ٹی ایم اور پی او ایس مشینیں نصب کی جائیں گی تاکہ مسافروں کو ٹکٹوں کی آن لائن خریداری کی سہولت مل سکے۔