پاکستان

آئینی ترامیم بل آج بھی پیش نہ ہونے کاامکان، وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی

 وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت یہ اجلاس آج ہونا تھا جس میں آئینی ترامیم کی منظوری دی جانی تھی، ذرائع

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 ماہ قبل پر ستمبر 16 2024، 11:43 صبح
ویب ڈیسک کے ذریعے
آئینی ترامیم بل آج بھی پیش نہ ہونے کاامکان، وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی

اسلام آباد : حکومت نے آئینی ترامیم پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کر دیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت یہ اجلاس آج ہونا تھا جس میں آئینی ترامیم کی منظوری دی جانی تھی۔ تاہم مولانا فضل الرحمان کی جانب سے حمایت نہ ملنے کے باعث کابینہ اجلاس کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں آج معمول کی کارروائی ہوگی۔ اجلاس میں تین نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، لیکن آئینی ترامیم بل آج پیش نہیں کیا جا سکے گا۔

قومی اسمبلی کے معمول کے 3 نکاتی ایجنڈے پر کارروائی ہوگی جب کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس آج شیڈول نہیں جس کے باعث کابینہ سے اس کی منظوری مزید تاخیر کا شکار ہوگئی۔

یاد رہے کہ عدلیہ سے متعلق آئینی ترامیم سے متعلق بل حکمران اتحاد کی بھرپور کوششوں کے باوجود اتوار کو بھی پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا جا سکا، کیونکہ حکومت آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے درکار دو تہائی ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

آئینی ترمیم کے معاملے پر گزشتہ روز قومی اسمبلی کا اجلاس کئی گھنٹے التوا کا شکار ہونے کے بعد 12 گھنٹے بعد شروع ہوا اور اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس آج دوپہر ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کردیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز شام 4 بجے ہونا تھا لیکن بعد ازاں یہ تاخیر کا شکار ہو ا اور پھر 4 گھنٹے بعد رات 8 بجے موخر کردیا لیکن 8 بجے بھی اجلاس شروع نہ نہ ہو سکا، رات 11 بجے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا لیکن چند منٹ تک جاری رہا۔