Advertisement
پاکستان

پی ٹی آئی کاججز تقرری کےلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے الگ رہنے کا فیصلہ

تحریک انصاف کا آئینی ترامیم کے حق میں ووٹ دینے والے اراکین کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کرنے کا فیصلہ

GNN Web Desk
شائع شدہ a year ago پر Oct 22nd 2024, 1:56 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
پی ٹی آئی کاججز تقرری کےلئے  خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے الگ رہنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے الگ رہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے رات گئے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‏تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اہم اجلاس میں ججز کی تقرری کیلئے بنائی گئی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے الگ رہنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں کیخلاف کارروائی کی بھی منظوری دیتے ہوئے ووٹ دینے والے اراکین کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کرنے اور تادیبی کارروائی پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ پارٹی سے روابط منقطع کرنے والے دیگر اراکین کو شوکاز نوٹسز کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی۔

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کی جانب سے اراکین پارلیمان سے حکومتی حلقوں سے روابط قائم کرنے پر اپنی پوزیشن واضح کرنے کا کہا جائے گا اور ان اراکین کے جوابات کی روشنی میں ان کے مستقبل کا تعین کیا جائے گا۔

اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نئی کمیٹیوں کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، ان کمیٹیوں میں نمائندگی کیلئے نام بجھوائے جائیں گے۔

خیال رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے تحت چیف جسٹس کی تقرری کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تھا جس میں پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر خان، حامد رضا خان اور بیرسٹر علی ظفر کے نام بھی شامل تھے۔

Advertisement
Advertisement