پاکستان
وزیر اعظم شہباز شریف کی قطری ہم منصب سے ملاقات، دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
شہبازشریف نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی
وزیر اعظم شہباز شریف نے دوحا میں قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے ملاقات کی جس میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اوردو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں قطر کے تعاون کو سراہا اور مختلف شعبوں میں قطر کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قطر میں موجود پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں ایک پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے علاقائی تنازعات کے منصفانہ حل اور قیام امن کے لیے قطر کے کردار کو سراہا،وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ تنازع پر قطر کے اصولی موقف اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیےاس کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا ۔
قطر کے وزیراعظم نے افغانستان سمیت خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور قیام امن کے لیے ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں قطری وزیر اعظم نے خطے میں پاکستان کی اسٹرٹیجک اہمیت اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کومزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا،دونوں رہنماؤں نے ترقی کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے جاری رکھنے پر اتفاق کیا، وزیراعظم شہبازشریف نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کی زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی،وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے پاکستانی حکومت کے عزم اور حکمت عملی سے قطری وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے شاندار اور پرتپاک استقبال پر اپنے ہم منصب اورقطر کے امیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی، محبت، باہمی احترام اور تعاون کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
پاکستان
دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دہلی پہلے جبکہ لاہور دوسرے نمبر پر آگیا
دہلی کا ائیر کوالٹی انڈیکس 1079 جبکہ لاہورکی ہوا میں آلودگی کا تناسب 574 ریکارڈ کیا گیا
دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں رات دیر گئے بھارتی دارالحکومت دہلی پہلے اور پاکستان کا شہر لاہور دوسرے نمبر پر آگئے۔
آلودہ ترین شہروں میں دہلی کا ائیر کوالٹی انڈیکس 1079 ریکارڈ کیا گیا جبکہ لاہورکی ہوا میں آلودگی کا تناسب 574 ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کے بعد ملتان کا دوسرے اور اسلام آباد کا تیسرے نمبر پر جبکہ راولپنڈی کا چوتھا اور پشاور کا پانچوں کا نمبر شمار کیا گیا۔پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند اور اسموگ کے باعث مختف موٹرویز بھی بند کردیے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔
ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2، ایم 3، ایم 4 اور ایم 5 سمیت دیگر شاہراہوں کو مختلف مقامات پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ اسموگ اور دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹر وے ایم 2 کو لاہور سے شیخوپورہ، موٹر وے ایم 4 کو لاہور سے درخانہ، ایم 11 کو سمبڑیال تک بند کیا گیا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے۔ عوام اسموگ اور دھند کے سیزن میں دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیا کریں، رات کو سفر کرنا پڑے تو گاڑی کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
اسموگ نے پنجاب میں تعلیمی نظام کو بھی متاثرکردیا ہے، اسموگ کے باعث تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ نجی اداروں کو آدھا اسٹاف آن لائن شفٹ میں ٹرانسفر کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ڈولفن فورس نے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
خیال رہے کہ پنجاب کے علاوہ صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی اسموگ موجود ہے۔
علاقائی
سموگ کا برسوں پرانا مسئلہ راتوں رات حل نہیں ہوگا، مریم نواز
سموگ کے مسئلے کو چند سال میں حل کر دیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سموگ کا مسئلہ برسوں پرانا ہے، راتوں رات حل نہیں ہوگا۔
جنیوا سے لندن پہنچنے پر میڈيا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سموگ کے مسئلے کو چند سال میں حل کر دیں گے، ماضی میں سموگ کے مسئلے کو سنجیدہ نہیں لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 6 سے 7 سال بعد پاکستان میں دوبارہ ترقی آ رہی ہے، پاکستانی معیشت بہتر ہو رہی ہے، اچھی خبریں آ رہی ہیں کہ پاکستان جلد مشکلات سے نکل آئے گا۔
دنیا
پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات لیک کرنے والے اہلکار کو 15 سال قید کی سزا
ایئرنیشنل گارڈ کے رکن کو جاسوسی ایکٹ کے تحت سزا سنائی گئی
پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات لیک کرنے والے اہلکار کو 15 سال قید کی سزا دی گئی، ایئرنیشنل گارڈ کے رکن کو جاسوسی ایکٹ کے تحت سزا سنائی گئی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پینٹاگون کی خفیہ دستاویز لیک کرنے کا الزام ثابت ہونے پر میساچوسٹس ایئرنیشنل گارڈ کے رکن جیک ٹیکسیرا کو جاسوسی ایکٹ کے تحت 15 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ امریکا کے فوجی اہلکار نے سیکڑوں خفیہ دستاویزات سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں، لیک دستاویزات روس یوکرین جنگ اور شمالی کوریا جوہری پروگرام سے متعلق تھیں۔
22 سالہ ٹیکسیرا کو بوسٹن میں امریکی ڈسٹرکٹ جج نے اعتراف جرم کے بعد سزا سنائی، جسے وفاقی استغاثہ نے امریکی انسداد جاسوسی قانون کی ’سب سے بڑی خلاف ورزیوں میں سے ایک‘ قرار دیا تھا۔
یاد رہے کہ 22 سالہ جیک ٹیکسیرا کو پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات لیک کرنے کے الزام میں اپریل 2023 میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر 6 الزامات عائد کیے گئے تھے۔
جیک ٹیکسیرا نے اپنے کیے پر عدالت میں معافی مانگتے ہوئے کہا ’میں نے جو نقصان پہنچایا ہے اس کے لیے معذرت خواہ ہوں۔‘
دوران سماعت جج نے ریمارکس دیے کہ خفیہ دستاویزات کو سنبھالنے سے متعلق تربیت اور انہیں افشا کرنے پر جرمانے سے متعلق انتباہ کے باوجود مجرم نے ایک سال کے دوران انٹرنیٹ پر سیکڑوں دستاویزات پوسٹ کیں۔
-
پاکستان ایک دن پہلے
وفاقی حکومت کا حج پالیسی کا اعلان ،حج اخراجات میں اضافہ
-
تجارت 22 گھنٹے پہلے
مرغی کا گوشت مزید سستا ہو گیا
-
علاقائی ایک دن پہلے
ننکانہ صاحب میں 15نومبر کو ضلع بھرمیں عام تعطیل کا اعلان
-
کھیل 2 دن پہلے
چیمپیئنز ٹرافی:بھارت کے انکار پر پی سی بی کا آئی سی سی کو خط لکھنے کا فیصلہ
-
تجارت 5 گھنٹے پہلے
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان
-
علاقائی 19 گھنٹے پہلے
استور سے راولپنڈی جانیوالی باراتیوں سے بھری گاڑی کو حادثہ ، 18افراد ہلاک
-
تجارت 2 دن پہلے
سونے کی فی تولہ قیمت میں نمایاں کمی
-
پاکستان ایک دن پہلے
اسموگ تدارک:پنجاب حکومت کا صوبے بھر کے اسکولز اور کالجز میں چھٹیوں کا اعلان