پاکستان

وزیر اعظم شہباز شریف سے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

وزیر اعظم شہباز شریف نے قطری کاروباری رہنماؤں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دی

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 months ago پر Nov 1st 2024, 11:06 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
وزیر اعظم شہباز شریف سے  قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

وزیر اعظم شہباز شریف سے شیخ فیصل بن قاسم الثانی کی سربراہی میں قطر بزنس مین ایسوسی ایشن (کیو بی اے) کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہء خیال کیا گیا۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اہداف کی نشاندہی پر زور دیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے قطری کاروباری رہنماؤں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دی۔ وزیر اعظم نے پاکستان کی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مقام کی حیثیت سے توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر اہم اقتصادی پراجیکٹس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔

وفد نے پاکستان کے اقتصادی منظرنامے اور بالخصوص توانائی، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے آئندہ منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران پاک قطر اقتصادی تعلقات اور اس حوالے سے مزید ممکنہ تعاون کا جائزہ لیا جو دونوں ممالک میں روزگار کی تخلیق، اختراعات اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

کیو بی اے وفد نے وزیر اعظم کی دعوت کا مثبت جواب دیا اور پاکستان کے توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھانے میں گہری دلچسپی دکھائی۔ وزیر اعظم اور قطری وفد نے اقتصادی استحکام اور ترقی کو تقویت دینے کے لیے دوطرفہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔