پاکستان

آرمی چیف کی تعیناتی پر نومبر میں مشاورت کا آغاز ہو گا : خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ  وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق گفتگو نہیں ہو گی۔ 

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 years ago پر Sep 18th 2022, 3:55 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
آرمی چیف کی تعیناتی پر نومبر میں مشاورت کا آغاز ہو گا : خواجہ آصف

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نواز شریف میرے قائد اور پاکستان کا اثاثہ ہیں، وہ جلد پاکستان آئیں گے۔ اگر نواز شریف کو کل پاکستان آنا ہے تو میں چاہتا ہوں کہ وہ آج آجائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے، چاہتے ہیں نواز شریف کے ساتھ جو زیادتی ہوئی ہے اس کا ازالہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئین اور قانون کے مطابق ہو گی۔اہم تعیناتی کو سیاسی ایشو نہیں بنانا چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق گفتگو نہیں ہو گی۔آرمی چیف کی تعیناتی پر نومبر میں مشاورت کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر وزارت دفاع ، جی ایچ کیو اور وزیراعظم مشاورت کرتے ہیں۔عمران خان پہلے سیاسی لیڈر اور پی ٹی آئی پہلی سیاسی جماعت ہے جو ادارے سے مداخلت چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف لندن کے دورے پر موجود ہیں جہاں آج وہ نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ مسلم لیگ ن کے اجلاس میں اہم سیاسی معاملات  پر فیصلے بھی متوقع ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنماخرم دستگیر نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف لندن میں نواز شریف سے آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت کریں گے۔