صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ لاہور میں آج بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 7 جبکہ زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ آج لاہور میں ہلکی بوندا باندی بھی متوقع ہے۔لاہور میں 3 کلو میٹر فی گھنٹہ کے حساب سے ہوا چل رہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد تک جا پہنچا ہے۔
دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور آج بھی پاکستان میں پہلے جبکہ دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر آگیا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 190 تک جا پہنچی۔
دوسری جانب وادی نیلم میں برف باری سے پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، رات گئے ہونیوالی برفباری نے وادی نیلم کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر دیا، برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ درجہ حرارت منفی 6ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہے گا، کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اور قلات میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر شہر قائد میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، جس کے سبب آج درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور مطلع صاف رہے گا جب کہ رات اور صبح کے اوقات میں موسم سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہلکی دُھند کے باعث آج صبح حدِ نگاہ 3 کلومیٹر ریکارڈ ہوئی۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی رفتار سے شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 10 جب کہ زیادہ سے زیادہ 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کی توقع ہے۔