پاکستان

العزیزیہ ریفرنس کیس، نواز شریف سماعت کےلئے اسلام آباد روانہ

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب 2 بجے کیس کی سماعت کریں گے

GNN Web Desk
شائع شدہ ایک سال قبل پر دسمبر 7 2023، 12:47 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
العزیزیہ ریفرنس کیس، نواز شریف  سماعت کےلئے اسلام آباد روانہ

العزیزیہ ریفرنس کیس میں نواز شریف کی اپیل پر سماعت آج ہوگی، سابق وزیراعظم اسلام آباد ہائی کورٹ پیش ہونے کے لئے جاتی امرا سے روانہ ہوگئے ہیں۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب 2 بجے کیس کی سماعت کریں گے۔واضح رہے کہ 24 دسمبر 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

نواز شریف نے احتساب عدالت سے سزا کیخلاف اپیل دائر کررکھی ہے، جب کہ نیب نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کی اپیل دائر کر رکھی ہے۔

سابق وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو سزامعطل کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر 24 اکتوبر 2023 کو نگراں پنجاب کابینہ نے نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کی منظوری دے دی تھی۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل کرنے کا نوٹیفکیشن 25 اکتوبر کو جاری کیا۔ جس میں بتایا گیا کہ نواز شریف کی درخواست پر فیصلے کے لیے نگران کابینہ نے وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی، اس کمیٹی نے نواز شریف کے وکلاء امجد پرویز، عطاء تارڑ اور ڈاکٹر عدنان کو شنوائی کا موقع دیا۔

نوازشریف کی جانب سے سزا معطلی کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کی طبعیت مکمل ٹھیک نہیں ہے اور وہ جیل نہیں کاٹ سکتے۔ صوبائی وزراء، بیوروکریٹس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور دیگر پر مشتمل کمیٹی نے اجلاس کے بعد سفارشات تیار کیں۔