پاکستان

پی ٹی آئی کے حالیہ انٹرا پارٹی الیکشن پر الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کردیا

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے حالیہ انٹراپارٹی الیکشن 3 مارچ 2024 کو کرایا

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 ماہ قبل پر اکتوبر 2 2024، 9:46 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
پی ٹی آئی کے حالیہ انٹرا پارٹی الیکشن پر الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کردیا

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے حالیہ انٹرا پارٹی الیکشن پر الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے حالیہ انٹراپارٹی الیکشن 3 مارچ 2024 کو کرایا، انٹرا پارٹی الیکشن میں بھی متعدد خامیاں تھیں جب کہ الیکشن کمیشن نے اس کو 23 اپریل 2024 کو نوٹس بھیجا اور اس کیس کی پہلی سماعت 30 اپریل 2024 کو ہوئی۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس معاملے میں الیکشن کمیشن مسلسل لچک کا مظاہرہ کر رہا ہے جب کہ پی ٹی آئی کو کئی مواقع فراہم کیے گئے کہ وہ اپنے آئینی تقاضے پورے کرے، اس سست روی اور تاخیر کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ پارٹی  پر عائد ہوتی ہے۔

ترجمان کے مطابق اپریل 2024 سے لے کر اکتوبر 2024 تک اس کیس کی چھ سماعتیں ہوچکی ہیں، ان سماعتوں میں سے پانچ بار اس جماعت نے مزید وقت مانگا اور ہر بار سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی جب کہ آج کی سماعت میں بھی التوا مانگا گیا۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اس معاملے کو قانونی طور پر حل کرنے کے لیے پوری کوشش کررہے ہیں، الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملے پرہمیشہ قانونی لچک کا مظاہرہ کیا ہے لیکن جماعت کی جانب سے بارہا التواء کا استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے یہ معاملہ تاحال حل نہیں ہوسکا۔