دنیا

اسرائیل کی بیروت پر بمباری، حزب اللہ کے سینئر رہنما ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

حزب اللّٰہ کے لیے ہتھیار تیار کرنیوالے رہنما محمد یوسف انیسی کو بھی شہید کردیا ہے، اسرائیلی دعویٰ

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 ماہ قبل پر اکتوبر 4 2024، 12:12 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
اسرائیل کی بیروت پر بمباری، حزب اللہ کے سینئر رہنما ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی فضائیہ نے بمباری کی ہے، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ بیروت میں حملے کا نشانہ حزب اللّٰہ کے سینئر رہنما ہاشم صفی الدین تھے۔

اسرائیل نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس نے لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ کے لیے ہتھیار تیار کرنیوالے رہنما محمد یوسف انیسی کو بھی شہید کردیا ہے۔

ہاشم صفی الدین حزب اللّٰہ کے متوقع سیکریڑی جنرل تھے، ایسی اطلاعات تھیں کہ حزب اللّٰہ کے شہید سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللّٰہ کی جگہ انکے قریبی عزیز ہاشم صفی الدین کو یہ منصب دیا جائے گا۔ 

حزب اللّٰہ نے تاحال اسرائیلی دعویٰ کی تصدیق یا تردید نہیں کی، تاہم ایئرپورٹ کے قریب دھماکے سنے گئے اور دھوئیں کے بادل میلوں دور تک دکھائی دیے۔

اس سے پہلے لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ نے جھڑپوں میں اسرائیل کے 17 فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرحدی قصبے مرعون الراس میں دراندازی کی کوشش کرنیوالے اسرائیلی فوجیوں کو بم کا نشانہ بنایا گیا۔  تاہم اسرائیلی حکومت نے بھی فی الحال ایک فوجی ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیل کی لبنان کے مختلف علاقوں پر بمباری جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 37 لبنانی شہری جاں بحق اور 151زخمی ہوئے ہیں۔

مغربی کنارے پر اسرائیل نے پناہ گزیں کیمپ پر حملہ کیا ہے جس میں 16 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی کردیے ہیں۔