پاکستان
پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج
سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ کے 30 ستمبر کے فیصلے پر نظر ثانی اپیل دائر کردی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ کے 30 ستمبر کے فیصلے پر نظر ثانی اپیل دائر کردی۔
درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان ملاقات الیکشن ٹربیونلز کی تبدیلی کی وجہ نہیں بن سکتی، الیکشن ٹربیونل کا جج کون ہوگا یہ فیصلہ چیف جسٹس کا اختیار ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ 4 اپریل کو لاہور ہائیکورٹ رجسٹرار نے چھ الیکشن ٹربیونلز کو نوٹیفائی کیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات کے بعد الیکشن ٹربیونلز کے لیے حاضر سروس ججز کے نام واپس ہوگئے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ کے 30 ستمبر کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔
یاد رہے کہ 30 ستمبر کو سپریم کورٹ نے پنجاب میں الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے متفقہ فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کے جج نے چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس کی ملاقات نہ ہونے کو مدنظر نہیں رکھا، اگر ملاقات نہ ہونا مدنظر رکھتے تو ایسا فیصلہ نہ کیا جاتا۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان اکرم راجہ اور عمر ہاشم کی اضافی الیکشن ٹریبونل بنانے کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا تھا۔
درخواست گزاروں کے مطابق الیکشن کمیشن نے سندھ اور خیبرپختونخوا میں 5،5 ، بلوچستان میں 3 الیکشن ٹریبونل تشکیل دیے ہیں تاہم پنجاب کے لیے صرف 2 الیکشن ٹریبونل تشکیل دئیے گئے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اضافی الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل کیلئے خط لکھا لیکن ٹریبونلز نہیں بنائے گئے، عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کو انتخابی عذرداری کے لیے اضافی ٹریبونلز بنانے کا حکم دیا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریبونلز کے ججز تعینات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹریبونلز کو انتخابی حلقے دینا چیف جسٹس کا اختیار ہے۔ 12 جون کو لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر چیف جسٹس شہزاد ملک نے گزشتہ روز 8 ٹربیونلز کی تشکیل کے احکامات جاری کیے تھے۔
بعد ازاں، 13 جون کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور ہائیکورٹ کا الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔ 14 جون کو سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل تشکیل کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی تھی۔
4 جولائی کو سپریم کورٹ نے الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل پر لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ اور الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
پاکستان
وزیر اعظم شہباز شریف کی قطری ہم منصب سے ملاقات، دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
شہبازشریف نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی
وزیر اعظم شہباز شریف نے دوحا میں قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے ملاقات کی جس میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اوردو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں قطر کے تعاون کو سراہا اور مختلف شعبوں میں قطر کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قطر میں موجود پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں ایک پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے علاقائی تنازعات کے منصفانہ حل اور قیام امن کے لیے قطر کے کردار کو سراہا،وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ تنازع پر قطر کے اصولی موقف اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیےاس کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا ۔
قطر کے وزیراعظم نے افغانستان سمیت خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور قیام امن کے لیے ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں قطری وزیر اعظم نے خطے میں پاکستان کی اسٹرٹیجک اہمیت اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کومزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا،دونوں رہنماؤں نے ترقی کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے جاری رکھنے پر اتفاق کیا، وزیراعظم شہبازشریف نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کی زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی،وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے پاکستانی حکومت کے عزم اور حکمت عملی سے قطری وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے شاندار اور پرتپاک استقبال پر اپنے ہم منصب اورقطر کے امیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی، محبت، باہمی احترام اور تعاون کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
تفریح
سینئر اداکار خواجہ سلیم شدید بیمار،حکومت سے مدد کی اپیل
پنجاب حکومت نے علاج کے لیے2 لاکھ روپے دیئے جس سے محض 20 دن کی ادویات ہی آسکیں
معروف اداکارخواجہ سلیم انتہائی علیل ہوگئے اور انہوں نے علاج ودیگر اخراجات کے لیے حکومت سے مدد کی اپیل کردی۔
خواجہ سلیم کاشمارپی ٹی وی کے معروف اداکاروں میں ہوتاہے انہوں نے اپنے فنی سفرکاآغاز 1972 میں بطور چائلڈ آرٹسٹ پاکستان ٹیلی وژن لاہور سے کیا تھا،پی ٹی وی کے کشمیر کے موضوع پر بننے والے ڈرامہ سیریل"انگار وادی" میں میجر نولکھا کے کردار سے شہرت حاصل کی،اس کے بعد بھی بے شمارٹی وی ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی تھیٹر میں کام کیا۔
خواجہ سلیم نے حال میں ہی دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ حکومت پنجاب نے علاج کی خاطر انہیں محض 2 لاکھ روپے ادا کیے جب کہ ان کی ادویات پر یومیہ 8 ہزار روپے تک کا خرچہ آتا ہے جس سے بمشکل 20 دن ہی گزارہ ہو سکتا ہے۔
اداکار کے مطابق شوگر بڑھ جانے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے کچھ عرصہ قبل ان کی ٹانگ کاٹنے کا کہا تھا لیکن بعد ازاں علاج سے فائدہ ہونے کے بعد ان کے پیر کی دو انگلیاں کاٹی گئیں۔
انہوں نے خدا کے شکرانے ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹانگ کٹنے سے بچ گئی اور اب وہ خود چلنے پھرنے کے قابل ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ سلیم نے کا کہنا تھا کہ شوبز میں 80 فیصد شخصیات منافق ہیں، بیمار ہونے پر کسی نے ان کا حال تک نہیں پوچھا۔
خواجہ سلیم نے حکومت اور مخیر شوبز شخصیات سے مالی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت بیٹیوں اور دامادوں کے رحم و کرم پر زندگی گزار رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ میں نے بیماری کے علاج کے لیے اپنی ساری جمع پونجی اور گھر تک بیچ دیا ہے۔
ٹیکنالوجی
ملک بھر میں انٹرنیٹ کو مکمل طور پر بحال ہو چکا ہے، پی ٹی اے کا دعویٰ
ایس ایم ڈبلیو فور سب میرین کیبل سے فالٹ دور کرلیا گیا ہے، پی ٹی آے
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کو مکمل طور پر بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ایس ایم ڈبلیو فور سب میرین کیبل سے فالٹ دور کرلیا گیا، جون میں SMW4 اور اگست میں AAE-1 سب میرین کیبل فالٹ سامنے آیا تھا، دونوں کیبلز کی بحالی کے بعد 1750 جی بی پی ایس کا سارٹ فال دور ہوگیا ہے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ملک میں انٹرنیٹ اب مکمل اسپیڈ اور صلاحیت کے ساتھ مکمل طور پر فعال ہے۔
سال 2023 میں صلاحیت میں اضافے کے لیے پیس کیبل کو سسٹم میں شامل کیا گیا۔ کنیکٹیوٹی کے لیے اگلے 2 سالوں میں تین کیبلز کا اضافہ کیا جائے گا، دوٹرانس ورلڈ انٹرنیشنل اور ایک پی ٹی سی ایل کیبل سسٹم میں شامل کی جائے گی۔
-
تجارت 2 گھنٹے پہلے
ملک بھر میں 2 ماہ کے لیے سی این جی اسٹیشنز بند کر نے کا فیصلہ
-
پاکستان ایک دن پہلے
اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی عدالت اور ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ترمیمی بل منظور
-
پاکستان ایک دن پہلے
پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا
-
دنیا 2 دن پہلے
نعیم قاسم مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے نئے سربراہ مقرر
-
پاکستان 5 گھنٹے پہلے
عدالت کا بانی چیئرمین کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرنے کا حکم
-
تجارت ایک گھنٹہ پہلے
ملک میں سونے کی قیمت میں معمولی کمی
-
تجارت 18 گھنٹے پہلے
پاکستان اور سعودی عرب کا سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھا کر 2.8 ارب ڈالر کرنے کا اعلان
-
پاکستان 2 دن پہلے
پی ٹی آئی نے پہلے جلسے کا اعلان کردیا