پاکستان

محسن نقوی کی علی امین گنڈا پور سے ملاقات ، قیام امن کےلئےہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال سمیت کرم میں قیام امن کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال

GNN Web Desk
شائع شدہ ایک دن قبل پر دسمبر 20 2024، 12:56 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
محسن نقوی کی علی امین گنڈا پور سے ملاقات ، قیام امن کےلئےہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور سے ملاقات کرکے صوبے میں قیام امن کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایوان وزیراعلیٰ آمد پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں پورا تعاون کریں گے، کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام شراکت داروں کی مشاورت سے کرم میں پائیدار امن کا قیام کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ شہدا ہمارے لیے سرمایہ افتخار ہیں۔ لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہاکہ شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، مل کر دہشتگردی کے عفریت کا مقابلہ کریں گے۔