پاکستان

مدارس رجسٹریشن، صدر مملکت نے سوسائٹیز رجسڑیشن ایکٹ 2024 پر دستخط کردیے

قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی، یہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرلیا گیا

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 دن قبل پر دسمبر 29 2024، 2:40 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
مدارس  رجسٹریشن، صدر مملکت نے سوسائٹیز رجسڑیشن ایکٹ 2024 پر دستخط کردیے

دینی مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 2024 پر دستخط کر دئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر کے دستخطوں کے ساتھ ہی بل قانون بن گیا ہے، قومی اسمبلی جلد اس حوالے سے گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کرے گی۔ قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی، یہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرلیا گیا ہے۔

دو روز قبل وفاقی کابینہ نے مدارس رجسٹریشن کیلئے سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دی تھی۔

جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں حکومت اور جمعیت علمائے اسلام کے درمیان تنازعے کا باعث بننے والے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم کے لیے آرڈیننس کی منظوری دی گئی۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق کابینہ نے وزارت قانون کی سفارش پر 1860 کے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم کے آرڈیننس کی منظوری دی۔