پاکستان

پاکستان کا غزہ میں جنگ بندی نا ہو نے پر اقوام متحدہ پر اظہار تشویش

ترجمان دفتر خارجہ زہر ہ بلوچ نے کہا کہ اس صورتحال میں بھی سلامتی کونسل کی بے بسی اور بے عملی تشویشناک ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ a year ago پر Dec 9th 2023, 5:46 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
پاکستان کا غزہ میں جنگ بندی نا ہو نے پر اقوام متحدہ پر اظہار تشویش

پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی نہ کرانے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ناکامی پر ایک بار پھر افسوس اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ایک بیان میں کہا کہ انسانی المیہ جنم لے چکا ہے اور اس صورتحال میں بھی سلامتی کونسل کی بے بسی اور بے عملی تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل کی طرف سے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل ننانوے کے اطلاق اور غزہ میں سنگین انسانی بحران سے خبردار کرنے کے باوجود کونسل عالمی امن و سلامتی قائم رکھنے کیلئے اپنی بنیادی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہی۔انہوں نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اب راہِ عمل اختیار کرے اور اس غیر انسانی جنگ اور غزہ کے لوگوں کی نسل کشی بند کرائے۔

ترجمان نے کہا کہ محصور غزہ کے لوگوں کو دی جانے والی یہ اجتماعی سزا قطعی ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی وحشیانہ جارحیت سے معصوم انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے اور لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور یہ تنازعہ مزید پھیل کر انتہائی خطرناک صورت اختیار کر سکتا ہے۔ترجمان نے غزہ کے عوام کی نسل کشی بند کرانے کیلئے وہاں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کیلئے پاکستان کی اپیل کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل اپنی وحشیانہ بمباری اور حملے بند کرے اور غزہ کا غیر انسانی محاصرہ ختم کرے۔