Advertisement
پاکستان

سائفر کیس میں پراسیکیوٹر کے پاس دینے کو کوئی دلیل نہیں، مہربانو قریشی

سائفر کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی باعزت بری ہوں گے، رہنما پی ٹی آئی

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 سال قبل پر اپریل 11 2024، 11:16 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
سائفر کیس میں پراسیکیوٹر کے پاس دینے کو کوئی دلیل نہیں، مہربانو قریشی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما مہربانو قریشی نے کہا ہے کہ سائفر کیس میں پراسیکیوٹر کے پاس دینے کو کوئی دلیل نہیں ہے، سائفر کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی باعزت بری ہوں گے۔ شاہ محمود قریشی پرامید ہیں، ان کو ملک میں اںصاف ہوتا نظر آرہا ہے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ پیر ہماری شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی تھی، انکی صحت بالکل ٹھیک تھی۔ شاہ محمود قریشی پرامید ہیں، ان کو ملک میں اںصاف ہوتا نظر آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح اسلام آباد ہائی کورٹ کے  6 ججز آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے کھڑے ہو گئے ہیں تو اس کو دیکھ کر سب کے حوصلے بڑھے ہیں۔

مہربانو قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ اس کرب سے گزرنے کے باوجود ہم پاکستان کو مضبوط ،مستحکم اور حقیقی طور پر جمہوری اور انصاف پسند ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 16 اپریل کو سائفر سزاؤں کے خلاف ہماری اپیل پر سماعت ہے، امید ہے کہ پراسیکیوشن کی جانب سے مزید کوئی بہانے بازی نہیں ہوگی۔ پراسیکیوشن کے پاس سائفر کیس میں کوئی دلیل نہیں۔

مہر بانو نے مزید کہا کہ سائفر کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی باعزت بری ہوں گے۔

خیال رہے کہ آج شاہ محمود قریشی کے اہل خانہ نے ان سے ملاقات کی، ملاقات کے لیے آنے والوں میں مہرین قریشی، گوہر بانو قریشی، سوہا قریشی شامل تھیں

Advertisement