پاکستان
شیخ رشید کے خلاف تھانہ موچکو اور لسبیلہ میں درج مقدمات خارج
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیخ رشید کو ایک ہی الزام پر درج متعدد مقدمات سے بری کر دیا
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی اخراج مقدمہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کے خلاف ایک ہی الزام پر تھانہ موچکو اور لسبیلہ میں درج مقدمات خارج کردیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے خلاف ایک ہی الزام پر درج متعدد مقدمات کے خلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے فیصلہ سنا دیا، اس موقع پر شیخ رشید کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف اسلام آباد، کراچی کے تھانہ موچکو اور لسبیلہ میں مقدمات درج ہیں۔عدالت نے شیخ رشید کی درخواست منظور کرتے ہوئے تھانہ موچکو اور لسبیلہ میں درج مقدمات خارج کر دیے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر 2 فروری 2023 کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے ایک مقامی رہنما راجا عنایت نے شیخ رشید کے خلاف سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شکایت درج کرائی تھی۔
شکایت گزار کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ پولیس نے آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر مقدمہ درج کیا تھا، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 120-بی، 153 اے اور 505 شامل کی گئی تھیں۔ گرفتاری کے بعد انہیں اسی روز اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔
دوسری جانب 3 فروری کو وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر شیخ رشید کے خلاف کراچی میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔ شیخ رشید کے خلاف کراچی کے موچکو، حب کے لسبیلہ اور مری کے تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے تھے جس کے بعد ایف آئی آر کو سیل کردیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں ایک اور مقدمہ 4 فروری کو تھانہ صدر میں پیپلز پارٹی کے کارکن کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جس میں شیخ رشید پر امن و امان کو خراب کرنے اور جان بوجھ کر اشتعال پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
تاہم 16 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں گرفتار شیخ رشید کی درخواست ضمانت منظور کرلی تھی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔
پاکستان
قومی اسمبلی،سپریم کورٹ کے ججوں کی تعداد کےحوالے سے بل کی منظوری
ایوان نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈپروسیجر ترمیمی بل 2024 اور اسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل 2024 کی بھی منظوری دی
قومی اسمبلی نے آج سپریم کورٹ کے ججوں کی تعداد کے حوالے سے ترمیمی بل 2024 کی منظوری دی۔
تفصیلات کے مطابق یہ بل وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔
بل کے اہم نکات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیرقانون نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے ججوں کی تعداد کے حوالے سے ترمیمی بل کے تحت ججوں کی تعداد چونتیس تک بڑھائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا یہ بل مجاز عدالت میں زیرالتواء مقدمات کے معاملے کا مسئلہ حل کرنے کیلئے لایا جارہا ہے۔
ایوان نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈپروسیجر ترمیمی بل 2024 اور اسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل 2024 کی بھی منظوری دی۔
وزیرقانون نے کہاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل 2024 کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججوں کی تعداد نو سے بڑھا کر بارہ کردی گئی ہے۔
ایوان سے منظور کئے گئے دیگر بلوں میں پاکستان آرمی ترمیمی بل 2024، پاکستان ائیرفورس ترمیمی بل 2024 اور پاکستان نیوی ترمیمی بل 2024 شامل ہیں۔
یہ بل وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے پیش کئے ، ایوان کا اجلاس کل دن گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
جرم
سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخواہ میں 2 مختلف کارروائیوں میں 6 دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان عبوری افغان حکومت سے بارہا کہتا رہا ہے کہ وہ مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی
سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے 6 خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کا مؤثر طریقے سے پتہ لگایا، آپریشن میں ایک خارجی احمد شاہ عرف انتظار ہلاک ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرے آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے خرمنگ میں پاک افغان سرحد پر خوارج کے گروہ کی نقل و حرکت دیکھی جس پر سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا، اس کارروائی میں 5 خوارج ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان عبوری افغان حکومت سے بارہا کہتا رہا ہے کہ وہ مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق توقع ہے کہ افغان حکومت خوارج کو پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز سرحدوں کی حفاظت اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔
پاکستان
عالمی برادری،اقوام متحدہ یاسین ملک کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں،مشال ملک
انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو بھی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرناچاہیے
معروف کشمیری رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ اور امن اور ثقافت کی تنظیم کی چیئرپرسن مشال حسین ملک نے ایک بار پھر عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے گرفتار خاوند کی رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
وہ پیر کے روزاسلام آباد میں اپنی بارہ سالہ بیٹی رضیہ سلطانہ کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔
مشال ملک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت کا نوٹس لے جو بھارتی مظالم، غیر قانونی گرفتاری اور جیل میں طبی سہولتوں کی عدم دستیابی کے خلاف تادم مرگ بھوک ہڑتال پر ہیں۔
انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے بھی بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی قابض حکام کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو بھی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرناچاہیے۔
مشال ملک نے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریز اور کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کو خط لکھا ہے جس میں یاسین ملک کو بھارت کے ہاتھوں عدالتی قتل سے بچانے کیلئے فوری مداخلت کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے شوہر کو انتہائی غیر صحت بخش ماحول میں رکھا گیا ہے اور انہیں طبی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔
-
پاکستان 18 گھنٹے پہلے
پاک بحریہ کی جانب سے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ
-
پاکستان 2 دن پہلے
عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی لاہور سے اچانک پشاور پہنچ گئیں
-
پاکستان 22 گھنٹے پہلے
میرا سامان گاڑی میں ہے، جب کہیں گے جیل جانے کو تیار ہوں، بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں آبدیدہ
-
پاکستان 2 دن پہلے
توشہ خانہ ٹو: بشری بی بی کی ضمانت سپریم کورٹ میں چیلنج
-
تجارت 19 گھنٹے پہلے
سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہو گیا
-
پاکستان 2 دن پہلے
پی ٹی آئی نے پشاور میں ہونے والا جلسہ منسوخ کردیا،ٹینٹ ویلج کا اعلان
-
تفریح 2 دن پہلے
اداکارہ نرگس پر مبینہ تشدد کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی
-
تجارت 2 دن پہلے
سونے کی قیمت میں سینکڑوں روپے کمی